• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

والد نے مجھے کرکٹر بنانے کیلئے گوشت بھی فروخت کیا،معین علی

لندن (جنگ نیوز ) انگلش آل رائونڈر معین علی نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے والد نے انہیں کرکٹر بنانے کیلئے بہت محنت کی ، انہوں نےگاڑی پر مرغی کا گوشت فروخت کیا اور مجھے گھر میں بولنگ مشین لا کر دی۔ انگلش ٹیسٹ کرکٹر معین علی نے یہ سنسنی خیز انکشاف اپنی سوانح حیات میں کیا جس میں انہوں نے بتایا کہ ان کے والد میر پور آزاد کشمیر کے رہنے والے اور خطے کے روایتی والد کی طرح ہیں۔ آل رائونڈر نے بتایا کہ ان کے والد کی شادی برصغیر کی روایت کے مطابق والدین کی مرضی سے ہوئی۔ 1979میں جب میرے والد 24سال کے تھے تو وہ اپنے جڑواں بھائی یعنی چچا شبیر کے ساتھ پاکستان گئے۔ انگلش کرکٹر کا کہنا تھا کہ والد کے پاکستان جانے پر دادی نے دونوں کی شادی کیلئے گائوں میں 2 بہنوں کو پسند کیا اور والد نے تو شادی سے قبل والدہ کو دیکھا تک نہیں تھا۔ معین علی نے یہ بھی بتایا کہ شادی کے 3 ماہ بعد والد برمنگھم آ گئے تھے، والدہ 1980میں برطانیہ آئی تھیں۔ خیال رہے کہ انہوں نے اپنی کتاب میں یہ بھی کہا ہے کہ انہیں ایک آسٹریلین کرکٹر نے اسامہ کہا تھا جس پر انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے اعلان کیا ہے کہ انگلش کرکٹر معین علی کے ساتھ تعصبانہ رویہ برتنے اور سخت الفاظ استعمال کرنے والے آسٹریلوی کرکٹر کے خلاف کوڈ آف کنڈیکٹ کے تحت وہ ایکشن لے سکتے ہیں مگر اس کے لئے ضروری ہے کہ اس کرکٹر کا نام سامنے آئے۔
تازہ ترین