• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہدائے کربلا نے جانوں کا نذرانہ دے کر اسلام کو سربلند کیا، شاہ عبدالحق

کراچی (پ ر) جماعت اہلسنت کراچی کے امیر علامہ سید شاہ عبدالحق قادری نے میمن مسجد نزد جیل چورنگی محرم الحرام کی محفل سے خطاب میں کہا کہ شہداء کربلا نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر یزید کے مکروہ عزائم کو خاک میں ملایا۔ امام حسینؓ و شہدائے کربلا سے محبت و عقیدت کا تقاضا ہے کہ ان کے نقش قدم پر چلا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یوم عاشورہ کا روزہ اور شب میں عبادت حضور نبی کریمﷺ کی عظیم سنت ہے۔ یوم عاشورہ کا روزہ سال کے صغیرہ گناہوں کا کفارہ ہے۔ اہل و عیال پر خرچ، غرباء مساکین میں صدقہ و خیرات کرنے سے اللہ تعالیٰ تمام سال رزق میں وسعت و کشادگی عطا فرماتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ واقعہ کربلا نے تاریخ انسانیت پر گہرے اثرات اور انمٹ نقوش مرتب کئے ہیں۔ امت مسلمہ کو یزیدیت کے خلاف نبردآزما رہنے کے لئے حسینی کردار سے رہنمائی لے کر اس شعور کو اگلی نسلوں تک منتقل کرنا ہو گا۔ دریں اثناء جماعت اہلسنت کراچی کے زیراہتمام عشرہ فاروق و حسین کے سلسلے میں منعقدہ اجتماعات سے عبدالحفیظ معارفی، مولانا خلیل الرحمٰن، الطاف قادری، مفتی ناصر خان ترابی، سید اشرف اشرفی الجیلانی، مولانا کامران قادری و دیگر علما نے خطاب کیا۔
تازہ ترین