• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

8 ویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے بر آمد ہوا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) نواسہ رسول جگر گوشہ بتول حضرت امام حسینؓ کی لازوال قربانیوں اور ان کی شہادت کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے8 ویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس جمعہ کو نشتر پارک سے سادات امروہہ کے زیراہتمام ابوالحسن اسکائوٹس کی قیادت میں برآمد ہوا جو اپنے مذکورہ راستوں نمائش، ایم اے جناح روڈ، سی بریز، صدر، تبت سینٹر، جامع کلاتھ، بولٹن مارکیٹ سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں پر اختتام پذیر ہوا۔ اس سے قبل نشتر پارک میں مجلس سے خطاب کرتے ہوئے مولاناعمران مہدی نقوی نے فلسفہ شہادت اور کربلا کی عظیم قربانی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ امام حسینؓ اور ان کے خانوادے نے کربلا میں قربانی دے کر اسلام کی اعلیٰ قدروں کو بچایا، ان کی عظیم قربانیوں کے سبب اسلام سربلند ہوا، امت مسلمہ حضرت محمدؐ اور امام حسینؓ کی سیرت پر عمل پیرا ہو کر نجات پا سکتی ہے،امت کو اتحاد کی ضرورت ہے اور یہ درس سیرت حسینؓ ہمیں عطا کرتی ہے،جلوس میں ذوالجناح، علم، تعزیہ، شبیہ اور دیگر تبرکات بھی تھے،شرکاء راستے بھر ماتم، نوحہ خوانی کرتے رہے جب کہ شرکاء راستے بھر ماتم کرتے رہے۔،مختلف انجمنوں نے طبی کیمپ بھی لگائے تھے،جلوس کے ہمراہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کا عملہ بھی موجود تھا۔ جلوس کی سخت نگرانی اور حفاظت کی جاتی رہی۔ جلوس کے ہمراہ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موجود تھی۔ اونچی عمارتوں پر قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکار تعینات تھے،اطراف کی گلیوں اور سڑکوں کو کنٹینر اور ٹرک کھڑے کر کے بند کر دیا گیا تھا،تمام بازار اور مارکیٹیں بند تھیں،ایم اے جناح روڈ عام ٹریفک کے لئے بند رہا۔
تازہ ترین