• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشیا کپ،پاکستانی بیٹنگ پاور ہائی وولٹیج میچ میں فیل،8وکٹ سے شکست

دبئی(عبدالماجدبھٹی/ نمائندہ خصوصی)پندرہ ماہ قبل آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی فائنل میں بھارت کو 180رنز سے شکست دینے والے پاکستانی ٹیم کو ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں بھارت کے خلاف میچ میں شرم ناک انداز میں آٹھ وکٹ کی بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ہائی وولٹیج میچ میں اپنے ہوم گرائونڈ پر نہ پاکستانی پاور لائن فیل ہوگئی۔ بیٹنگ چلی اور نہ بولنگ لائن کرشمہ دکھا سکی۔ بھارت نے پاکستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد عبرت ناک شکست دے کر چیمپئنز ٹرافی فائنل میں اپنی ہار کا بدلہ لے لیا۔ پاکستان کے پاس اپنا بدلہ چکانے کا موقع اب اتوار کو موجود ہے۔ اس ہار کے باوجود پاکستانی ٹیم سپر فور میں کوالی فائی کر چکی ہے جہاں جمعے کو اس کا پہلا امتحان افغانستا ن کے خلاف ہوگا جبکہ پاک بھارت میچ اتوار کو کھیلا جائے گا۔ محمد عامر ایک بار پھر وکٹ نہ لےسکے ۔ عامر نو ون ڈے میچوں میں تین وکٹ حاصل کرسکے ہیں۔ پاکستانی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے162رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ جواب میں بھارت نے ہدف دو وکٹ کے نقصان پر126گیندیں پہلے عبور کر لیا۔ امباتی رائیڈو31اور کارتک31رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ بھارتی کپتان روہت شرما نے36گیندوں پر نصف سنچری بنائی۔ وہ52رنز بناکر شاداب خان کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ انہوں نےشیکھر دھون کے ساتھ86 رنز کا اوپننگ اسٹینڈ دیا۔ روہت نے تین چھکے اور چھ چوکے مارے ۔ شاداب خان تین گیندیں کرانے کے بعد کمر کی تکلیف کی وجہ سے پہلا اوور مکمل نہ کرسکے۔ فہیم اشرف نے پاکستان کو دوسری کامیابی دلوائی جب شیکھر دھون54گیندوں پر46رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ پاکستان کا کوئی بیٹسمین پچاس رنز بھی پار نہیں کرسکا۔ چار بیٹسمین ڈبل فیگر میں داخل ہوئے۔ بابر اعظم62گیندوں پر47رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔ ان کی اننگز میں چھ چوکے شامل تھے۔ وہ کیدار جادھیو کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ شعیب ملک 43 رنز67گیندوں پر بناکر رن آئوٹ ہوئے۔ انہوں نے ایک چوکا اور ایک چھکا مارا۔ دونوں نے تیسرے وکٹ پر82رنز کی شراکت قائم کی لیکن پارٹنر شپ ختم ہوتے ہی پاکستانی بیٹنگ لائن تنکوں کی طرح بکھر گئی۔ پاکستان کے کپتان سرفراز احمد کا ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ ابتدا ہی میں غلط ثابت ہوا۔ ابتدا سے ہی وکٹیں گرنا شروع ہو گئیں۔ زمبابوے کی کمزور ٹیم کے خلاف پانچ ون ڈے میں تین سنچریاں بنانے والے امام الحق صرف دو رنز بنا کر بھونیشور کمار ہی کی گیند پر دھونی کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ انہوں نے غیر ذمے داری سے وکٹ ضائع کردی۔ فخر زمان جن سے شائقین کو بہت امیدیں وابستہ ہوتی تھیں۔ چیمپئنز ٹرافی فائنل میں بھارت کے خلاف سنچری بنانے والے فخرکوئی رن بنائے بغیر بھونیشور کمار کی شارٹ بال پر پُل کرتے ہوئے مڈ وکٹ پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ کمار نے تین کے مجموعی اسکور پر دونوں اوپنرز کو آوٹ کرکے پاکستانی بیٹنگ کو دبائو میں ڈال دیا۔ پاکستان کے پچاس رنز13.1اوورز میں بنے۔ اس موقع پر بابر اعظم اور شعیب ملک نے اننگز کو سہارا دیا۔ شعیب ملک کو26رنز پر چانس ملا جب دھونی نے ہاریک پانڈیا کی گیند پر ان کا کیچ ڈراپ کردیا۔ کیدار جادھیو نے سرفراز احمد، آصف علی کی وکٹیں لیں جبکہ شعیب ملک رن آؤٹ ہوئے اور پاکستان کا مڈل آرڈر ڈھیر ہوگیا۔ آصف علی نے چھکا مار کر خطرناک عزائم ظاہر کرنے کی کوشش کی لیکن اگلے اوور کی پہلی ہی گیند پر کیدار جادھیو کی گیند پر دھونی کو کیچ دے بیٹھے۔ شاداب خان آؤٹ ہونے والے ساتویں بیٹسمین تھے جنہوں نے 8 رنز بنائے، ان کی وکٹ بھی جادھیو کے حصے میں آئی۔ ہاردک پانڈیا میچ کے اٹھارویں اوور میں گیند کراتے ہوئے اچانک گر پڑے۔ انہیں اسٹریچر پر میدان سے باہر لے جایا گیا۔ فہیم اشرف نے اننگز کے آخر پر کچھ مزاحمت دکھائی مگر صرف 21رنز بنا سکے۔ محمد عامر نے ان کا ساتھ دیا اور 18 رنز بنائے۔ ٹیل اینڈرز میں سے کوئی بھی کھلاڑی ٹک نہ پایا۔ بھارت کی جانب سے فاسٹ بولر بھونیشور کمار نے سات اوورز میں15اور اسپنر جادھیو نے23 رنز کے عوض تین، تین وکٹ حاصل کئے۔ جسپریت بمرا نے دو وکٹ حاصل کئے۔ بھارت نے ہانگ کانگ کے خلاف میچ میں تین وکٹیں لینے والے خلیل احمد کو آرام دیا۔ 

تازہ ترین