• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کرکٹ ٹیم اسٹاف میں ایک اور غیرملکی کا اضافہ

دبئی (نمائندہ خصوصی) پاکستانی کرکٹ ٹیم نے ایشیا کپ،آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے لئے جنوبی افریقا سے تعلق رکھنے والے مساجر سر جیو کی خدمات حاصل کی ہیں۔ جس نے دبئی میں پاکستانی ٹیم کو جوائن کر لیا ہے۔ اس سے قبل پاکستان ٹیم کے فزیو کا تعلق بھی جنوبی افریقا سے ہے۔ بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور زمبابوے،ٹرینر گرانٹ لوڈن زمبابوے سے ہیں جبکہ نئے فیلڈنگ کوچ بریڈ برن نیوزی لینڈ کے ہیں۔ مکی آرتھر کےہیڈ کوچ بننے کے بعدپاکستانی ٹیم زیادہ تر غیر ملکی سپورٹ اسٹاف پر انحصار کررہی ہے۔ ماضی میں پاکستان ٹیم کے ساتھ پاکستانی مساجر کی تقرری کی جاتی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سرجیو پاکستان ٹیم کے ساتھ زمبابوے کے دورے میں بھی موجود تھے۔ ان کا تقرر فل ٹائم نہیں کیا گیا بلکہ انہیں ڈیلی الاوینس اور رہائش دی گئی ہے۔ مکی آرتھر کا خیال ہے کہ پاکستانی مساجر ، پاکستان ٹیم سے زیادہ پاکستانی کھلاڑیوں کو ان کے رتبے کے مطابق پروٹوکول دیتا ہے ۔ پاکستانی مساجر کے بارے میں کوچ کہتے ہیں کہ وہ پی سی بی سے زیادہ کھلاڑیوں کے ملازم بن جاتے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے متحدہ امارات کے دورے کے لئے جس ٹیم انتظامیہ کا اعلان کیا تھا اس میں مساجر کے لئے تحریر تھا کہ اس کے نام کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ پاکستانی ٹیم کے منیجر طلعت علی اور بولنگ کوچ اظہر محمود پاکستان کے ساتھ ساتھ بر طانیہ کی شہریت رکھتے ہیں۔ کوالی فائیڈ کوچ منصور رانا کو پاکستان ٹیم کا اسسٹنٹ منیجر بنایا گیا ہے۔ توقع ہے کہ منصور رانا ایشیا کپ کے بعد بھی ذمے داریاں نبھائیں گے۔

تازہ ترین