• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

44ڈگری سخت گرمی میں بھی تماشائیوں کا جوش قابل دید رہا

دبئی (نمائندہ خصوصی) ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان اور بھارت کے میچ کے موقع پر سخت گرم موسم کے باوجود تماشائیوں کا جوش وخروش قابل نا قابل بیان تھا۔ کرکٹ کے دیوانے پکنک والے انداز میں میچ کا مزہ لیتے رہے اور گرمی سے بے نیاز تماشائیوں کا جوش وجذبہ اپنے عروج پر تھا۔ تاہم خلاف توقع سیکیورٹی سخت تھی اور تماشائیوں کو بہت دور گاڑیاں پارک کرکے اسٹیڈیم پہنچنا پڑا۔ دونوں ملکوں تماشائیوں نے نظم وضبط کے ساتھ میچ دیکھا۔ بدھ کو دبئی میں درجہ حرارت44 درجے سینٹی گریڈ تھا۔ دن بھر لو چلتی رہی لیکن تماشائیوں نے دور گاڑیاں پارک کرکے پیدل راستہ طے کیا۔ تماشائیوں میں بڑی تعداد بھارتیوں کی تھی۔ گرائونڈ میں زیادہ تر بھارتی پر چم نظر آرہےتھے۔ زیادہ تر بھارتی کی نیلی شرٹس میں ملبوس تھے۔پاکستانی تماشائی بھی پوری تیاری سے آئے تھے۔ ورکنگ ڈے پر تماشائی دفاتر سے آفس کرکے تاخیر سے گرائونڈ آئے۔ اس لئے گرائونڈ شام کو بھرا۔ جیسے جیسے میچ آگے بڑھا تماشائیوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا رہا۔ میچ کے مہنگے ٹکٹ ایڈوانس میں فروخت ہوچکے تھے تاہم گرائونڈ کے باہر تماشائی ٹکٹوں کے حصول میں پریشان دکھائی دیئے۔جن لوگوں نےٹکٹیں ایڈوانس میں خریدی تھیں وہ پولیس سے چھپ کر ٹکٹ بلیک کررہے تھے۔منتظمین نے میچوں کی ٹکٹ گرائونڈ میں فروخت نہیں کی تمام ٹکٹ آن لائن فروخت ہوئے۔ پاکستانی تماشائی ڈھول تاشوں کے ساتھ آئے تھے۔ رش کی وجہ سے دبئی اسپورٹس سٹی میں گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔ اور تماشائیوں کو گرائونڈ میں پہنچنے میں مشکل پیش آئی۔

تازہ ترین