• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوئیفا چیمپئنز لیگ،میسی کی ہیٹ ٹرک نے بارسلونا کو فتح دلادی

بارسلونا (جنگ نیوز )لیونل میسی کی ہیٹ ٹرک کی بدولت بارسلونا نے یوئیفا چیمپئنز لیگ کے اپنے پہلے میچ میں ہالینڈ کی چیمپئن ٹیم پی ایس وی انڈہووین کو چار گول سے آئوٹ کلاس کردیا۔ فاتح ٹیم کو میچ کے دوسرے ہاف میں 10 کھلاڑیوں سے کھیلنا پڑا کیونکہ اس کے دفاعی کھلاڑی سیموئل امٹیٹی کو ریڈ کارڈ دکھا کر باہر بھیج دیا گیا تھا۔اسپینش کلب نے اپنے ہوم گرائونڈ پر بھرپور فارم کا مظاہرہ کیا۔ میسی نے پہلا گول 32 ویں منٹ میں زبردست فری کک پر اسکور کیا۔ بارسلونا کے فرنچ اسٹرائکر عثمان ڈیبیلے نے 75ویں منٹ میں سبقت ڈبل کردی۔ اس کے بعد کھیل کے آخری پانچ منٹ میں میسی نے مزید دو بار گیند کو جال کے حوالے کرکے اسکور 4-0 کرکے کلب کی فتح یقینی بنادی۔ ادھر انگلش سائیڈ لیور پول نے اپنے ہوم گرائونڈ این فیلڈ میں ہوم ایڈوانٹیج کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے فرنچ سائیڈ پیرس سینٹ جرمین کو زیر کیا۔ گروپ سی میں کھیلا گیا میچ زبردست ثابت ہوا جس کا نتیجہ میزبان ٹیم کے حق میں 2 -3 سے نکلا ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ انتہائی سنسنی خیز رہا اور دونوں جانب سے ایک دوسرے کی گول پوسٹ پر کئی حملے کئے گئے تاہم میچ کے آخری لمحات میں روبرٹو فرمینو کے گول نے فیصلہ کن کردار ادا کیا اور اپنی ٹیم کو کامیاب کرا دیا۔ ناکام ٹیم ڈینیل ملنر اور جیمز اسٹریج کے دو گول کی وجہ سے خسارے میں تھی لیکن تھوماس مینوئر اور کائلیان امباپے نے گول کرکے اسکور برابر کردیا۔ البتہ انجری ٹائم کے پہلے منٹ میں فرمینو نے گیند کو نیٹ میں پہنچاکر لیور پول کا کامیابی دلادی۔
تازہ ترین