• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسٹاک مارکیٹ ،اتار چڑھائو کے بعد تیزی، 100انڈیکس مزید 82پوائنٹس بڑھ گیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں منی بجٹ کے بعد سرمایہ کاروں کے پھرسے محتاط رویے کے باعث مارکیٹ میں ملا جلا رحجان رہا ، 100 انڈیکس مزید 82 پوائنٹس کے اضافے سے 41320 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا جب کہ 54.70فی صد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیالیکن اس کے باجود مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں 5ارب 2کروڑ 47لاکھ روپے سے زائدکی کمی ہوئی اورحصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم بھی منگل کی نسبت 77لاکھ 99ہزار شیئرزکم رہا۔گزشتہ روز ٹریڈنگ کا آغاز مثبت زون میں ہوا اورمنگل کے تسلسل میں بدھ کو بھی ٹریڈنگ کے ابتدائی اوقات میں سرمایہ کاروں نے حصص کی خریداری کی جس کے نتیجے میں 100انڈیکس 41357 پوائنٹس کی بلند سطح پرپہنچ گیا تاہم بعد ازاں محرم اور ہفتہ وار تعطیلات کے پیش نظر سرمایہ کار حصص کی خرید وفروخت میں تذبذب کا شکار نظر آئے جس کے سبب اتار چڑھاؤ کا سلسلہ شروع ہوگیا جس کی وجہ سے ٹریڈنگ کے دوران کے انڈیکس ایک موقع پر 41100 پوائنٹس کی نچلی سطح پر آگیا لیکن 41ہزار کی نفسیاتی حد گرنے کے قریب پہنچنے پر ریکوری آئی ۔اتار چڑھاؤ کا سلسلہ ٹریڈنگ کے اختتام تک جاری رہا اورمارکیٹ کے اختتام پر 100انڈیکس06 82 پوائنٹس کے اضافے سے 41320.13وائنٹس پربندہوا جب کہ اس کے برعکس 30 انڈیکس 12.71 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی اور 20130.31 پوائنٹس پر بند ہوا ۔البتہ کے ایم آئی 30انڈیکس 91.22پوائنٹس اضافے سے 70308.92پوائنٹس اور آل شیئر انڈیکس 8.13 پوائنٹس اضافے سے 30084.77 پوائنٹس پر بند ہوا ۔ گزشتہ روزمجموعی طور پر 351 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہواجن میں سے 192کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ ہوا جب کہ 140کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی اور19کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔بیشتر کمپنیوں کے حصص کی قیمتیں بڑھنے کے باجود چونکہ مہنگے شیئرز کی قیمتوں میں گرنے کی شرح زیادہ رہی جس کی وجہ سے مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں 5ارب 2کروڑ 47لاکھ روپے کی کمی ہوئی جس سے سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت 84کھرب 45ارب 84کروڑ 51لاکھ روپے سے گھٹ کر 84کھرب 40ارب 82کروڑ 4لاکھ روپے ہوگئی ۔گزشتہ روز حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم 15کروڑ 87لاکھ 19ہزار شیئرز رہا جو منگل کے 16کروڑ 65لاکھ 19ہزار شیئرز کے مقابلے میں 77لاکھ 99ہزار شیئرزکم ہے۔قیمتوں میں اتار چڑھاؤکے لحاظ سے آئی لینڈٹیکسٹائیل کے حصص سرفہرست رہے جس کے حصص کی قیمت 70.28 روپے اضافے سے 1475.90 روپے اورپاک ٹوبیکو کے حصص کی قیمت 39 روپے اضافے سے 2399 روپے پر بند ہوئی۔

تازہ ترین