• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیرون ملک پاکستانیوں کی2700جائیدادوں کا سراغ، سپریم کورٹ نے20بڑے نام مانگ لئے

اسلام آباد(ایجنسیاں )سپریم کورٹ نے پاکستانیوں کے بیرون ملک اکاؤنٹس سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران دوہفتے میں پیش رفت کی رپورٹ طلب کرلی،دوران سماعت چیف جسٹس میاں ثاقب نثارنے ریمارکس دیئے کہ میرے تخمینے کے مطابق پاکستانیوں کی دبئی میں ایک ہزار ارب روپے سے زائد کی جائیدادیں ہیں ‘ پندرہ سے بیس بڑے لوگوں کے نام فراہم کیے جائیں، محرم کے بعد سب کو طلب کرکے پوچھا جا ئے گاجبکہ جسٹس اعجازالاحسن کا کہناتھا کہ سب کاغذی کاررو ائی ہے‘کیاایک ڈالر بھی ملک میں واپس آیا ہے‘عدالت کوڈی جی ایف ائی اے نے بتایاکہ ہم نے بیرون ملک پاکستانی شہریوں کی 2700 جائیدادوں کا سراغ لگایا ہے‘ مزید تحقیقات بھی جاری ہیں۔ تفصیلا ت کے مطابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے پاکستانیوں کے غیر ملکی اکائونٹس کیس کی سماعت کی‘ اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ برطانیہ کے ساتھ ملزمان کے تبادلے کا معاہدہ ہوا ہے وہاں سے ایک شخص کو گرفتار بھی کیا گیا ہے برطانیہ میں گرفتار افراد کے نام پبلک نہیں کر سکتے جبکہ باقی افراد کی گرفتاری کے لئے کام کررہے ہیں بعض افراد کے نام چیمبر میں بتا سکتا ہوں انشا اللہ لوٹی ہوئی دولت واپس آئیگی ‘جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ منی لانڈرنگ جعلی غیر ملکی اکائونٹس سے بھی ہوتی ہے جس پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ حوالہ میں ملوث 44 افراد کو پنڈی سے گرفتار کرلیا گیا ہے‘ جسٹس عمر عطا بندیال نے استفسار کیا کہ لاہور اور دیگر شہروں سے گرفتاریاں کیوں نہیں کیں‘ اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ تمام بڑے شہروں میں کاروائیاں جاری ہیں جبکہ پشاور سے غیر قانونی 119ملین روپے قبضے میں لئے گئے ہیں‘ جسٹس اعجازالا حسن نے کہا کہ فی الحال ساری کاروائی کاغذی ہے اصل کام لوٹی رقم واپس لانا ہے کیا ایک ڈالر بھی ملک میں واپس آیا ہے‘ گورنرا سٹیٹ بنک نے بتایا کہ عدالت کے نوٹس لینے کے بعد بہت بہتری آئی ایسی ترامیم ہوئیں جو پہلے کبھی نہیں ہوئیں دوسرے ممالک کے بھی ساتھ رابطے میں ہیں جبکہ 550 افراد سے پوچھ گچھ کی جائیگی ،ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن نے انکشاف کیا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کی 2700 جائیدادوں کا سراغ لگایا ہے جبکہ گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ نے عدالت کو بتایا کہ دبئی میں 550 افراد بڑی جائیدادوں کے مالک ہیں۔

تازہ ترین