• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوازشریف کو سزا انتقام ہے، مقصد عمران کیلئے راہ ہموار کرنا تھا، ن لیگ

اسلام آباد/ لاہور (نمائندگان جنگ / نیوز ایجنسیز) پاکستان مسلم لیگ( ن) کے رہنمائوں نے نوازشریف کی رہائی کے حکم کے عدالتی فیصلے پراپنے رد عمل میں کہا ہے کہ نوازشریف کوسزا انتقال ہے ، سزا کا مقصد نواز شریف کو انتخابی میدان سے باہر نکال کر عمران خان کی جعلی کامیابی کیلئے راہ ہموار کرنا تھا۔ احسن اقبال نے کہا کہ یہ نان پی سی او انصاف کی ایک جھلک ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ ، آج انصاف کی فتح ہوئی ۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ حق حق ہوتا ہے جسے چھپایا نہیں جا سکتا۔ پرویز رشید، مشاہد حسین، خرم دستگیر ،رانا ثنا ء اللہ، آصف کرمانی اور دیگر نے کہا کہ اپنے ہی ناخن کاٹنے کی سزا مل رہی ہے،اللہ نےنواز شریف کو ہمیشہ سرخرو کیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ( ن) کے رہنمائوں نے نوازشریف کی رہائی کے حکم کے عدالتی فیصلے پراپنے رد عمل میں کہا ہے کہ نوازشریف کوسزا انتقال ہے ، سزا کا مقصد نواز شریف کو انتخابی میدان سے باہر نکال کر عمران خان کی جعلی کامیابی کیلئے راہ ہموار کرنا تھا، یہ نان پی سی او انصاف کی ایک جھلک ہے، عدالتی فیصلے پر اللہ تعالی کا جتنا شکر ادا کریں کم ہے، انصاف کی فتح ہوئی ہے، سارے مقدمات میں نوازشریف، مریم نواز اور صفدر سرخروں ہوں گے اور انصاف کا بول بالا ہوگا،اللہ تعالی نےنواز شریف کو ہمیشہ سرخرو کیا ہے، کرنے والوں نے جو کرنا تھا کر لیا اب کس چیز کی ڈیل ہوگی،نوازشریف ،مریم اور صفدر کو جیل میں رکھنا نا انصافی تھی، کیسز سیاسی ہیں، یقین تھا فیصلہ حق میں آئے گا، نواز شریف کو کسی بھی صورت سزا دینا مقصد تھا، حق حق ہوتا ہے جسے چھپایا نہیں جا سکتا، نیب کا انتقام پر مبنی فیصلہ معطل ہوا ہے۔اسلام آبادہا ئیکورٹ کے باہرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ نوازشریف کو کیسز میں الجھانے کا مقصد انہیں انتخابات سے دور رکھنا اورعمران خان کی جیت کیلئے راہ ہموار کرناتھا، ان کیسز کے ٹرائل میں ایک اندھے شخص کو بھی نظر آگیا ہے کہ ان مقدمات میں کوئی آئین و قانون نہیں بلکہ صرف اور صرف انتقام تھا، یہ نان پی سی او انصاف کی ایک جھلک ہے،میں کراچی سے خیبر تک تمام لیگی کارکنان کو اس فیصلے پرمبارکباد پیش کرتا ہوں، جنہوں نے نواز شریف کی رہائی کےلئے دعائیں کیں، آج اللہ تعالی نے (ن) لیگ کے کارکنان کی دعائیں قبول کی ہیں،خواجہ آصف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ آج انصاف کی فتح ہوئی ہے، سینیٹر ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا نواز شریف ، مریم نواز اور صفدر کی رہائی پر پوری قوم اور مسلم لیگی کارکنوں کو مبارک ہو، اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں،سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ نواز شریف کو ایک دن بھی جیل میں نہیں ہونا چاہیےتھا ان کے مقدمے کو پوری دنیا نے دیکھا ہے، اس کے نتائج اور فیصلے کو پوری دنیا نے پڑھا ہے،الزام قتل اور بدعنوانی کا ہے جبکہ سزا ان کو اپنے ہی ناخن کاٹنے کی مل رہی ہے، سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ بالآخر انصاف ہوگیا ،اپنے ٹویٹر پیغام میں نہوں نے کہا سزائیں معطلی کی خبر ایک بڑی اور خوشی کی خبر ہے، احتساب عدالت کا فیصلہ کمزور تھا ، کوئی ٹھوس الزامات نہیں تھے، نواز شریف کو کسی بھی صورت سزا دینا مقصد تھا، تاہم انہوں نے اور انکے اہلِ خانہ نے ہمت سے ان حالات کا مقابلہ کیا۔
تازہ ترین