پشاور(نمائندہ جنگ) بخشو پل میں بھتہ کی عدم ادائیگی پر تخریب کاروں نے سابق رکن خیبرپختونخوا اسمبلی ملک طہماش کے بھائی کے گھر پر بم حملہ کردیا جس میں مکان کو جزوی نقصان پہنچا تاہم اہل خانہ محفوظ رہے،پولیس کے مطابق گزشتہ شب رات گئے نامعلوم تخریب کاروں کی جانب سے ملک طہماش کے بھائی ملک فردوس ولد ملک ابراہیم ساکن بخشو پل کے گھر کے قریب نصب بارودی مواد زوردار دھماکہ سے پھٹ گیا ، وقوعہ کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرلئے جبکہ محکمہ انسداد دہشت گردی نے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے ،دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک فردو س کے مکان کے قریب بارودی مواد کا دھماکہ بھتہ کی عدم ادائیگی کا شا خسا نہ معلوم ہوتا ہے کیونکہ اُنہیں افغانستان کے نمبرات سے ٹیلی فون کالز موصول ہورہی ہیں۔