• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بہت کچھ کھونے کے بعد نواز شریف کے کیس میں مثبت پیشرفت

اسلام آباد(تجزیہ عثمان منظور)بہت کچھ کھونے کے بعد نواز شریف کے کیس میں مثبت رفت ہوئی ہے۔نیب ٹیم مقدمے کے دفاع میں بری طرح ناکام رہی اور اسے دو مرتبہ جرمانے کا سامنا کرنا پڑا۔میاں نواز شریف کے 68روز تک اڈیالہ جیل میں رہنے کے دوران ملک کا پورا سیاسی منظر تبدیل ہوچکا ہے اور کسی وقت کی مقبول جماعت ن لیگ مرکز اور پنجاب میں پی ٹی آئی کے ہاتھوں انتخابات میں شکست سے دوچار ہوچکی ہے، تمام صوبوں کے گورنرز تبدیل ہوچکے ہیں ، شہباز شریف اب وزیراعلیٰ پنجاب نہیں رہے ، کلثوم نواز اس جہان فانی سے رخصت ہوچکی ہیں ، جب کہ ان کے شوہر ، بیٹی اور داماد اس وقت جیل میں تھے۔نواز شریف نے 13جولائی کو اپنی بیمار اہلیہ کو اسپتال میں چھوڑ کر وطن واپس آکر گرفتاری دی تھی ۔اس وقت ان کے مخالفین ان کی بیماری کا مذاق اڑا رہے تھے ، تاہم ان کے انتقال نے ہر کسی کو غلط ثابت کردیا۔گو کہ نواز شریف ان 68روز میں سیاسی اور جذباتی اعتبار سے بہت کچھ کھو چکے ہیں ، تاہم بدھ کے روز ان کی رہائی سے ان کے کیس میں کچھ مثبت پیش رفت آئی ہےکیوں کہ نیب ، احتساب عدالت کے فیصلے کا دفاع کرنے میں بری طرح ناکام ہوئی ہےکیوں کہ نیب کے پاس نہ تو فیصلے کے دفاع کے لیے دلائل تھے اور نہ ہی وہ شریف خاندان کو جیل میں رکھنے کے لیے تیاری کرسکی تھی۔
تازہ ترین