• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انتخابی معاملات کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل ،اسپیکر کے حکومت اور اپوزیشن سے رابطے

اسلام آباد (صباح نیوز) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے عام انتخابات 2018ء میں دھاندلی کی تحقیقات کے لئے خصوصی کمیٹی کی تشکیل کے سلسلے میں حکومت اور اپوزیشن کے قائدین سے رابطے شروع کر دیئے۔عمران خان، شہباز شریف،بلاول بھٹو ودیگرجماعتوں سے نامزدگیاں مانگی گئیں ،چیئرمین کی نامزدگی وزیراعظم کی مشاورت سے کی جائیگی ]قومی اہمیت کے معاملات کو حل کرنے کیلئے حکومت اور اپوزیشن میں پل کا کردار ادا کرنے کی کوشش کروں گاوزیراعظم عمران خان پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف پاکستان پیپلزپارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری متحدہ مجلس عمل کے پارلیمانی لیڈر اسعد محمود سمیت چیدہ چیدہ جماعتوں سے نامزدگیاں مانگی گئی ہیں۔ کمیٹی کی تشکیل مکمل ہونے پر وزیراعظم کی مشاورت سے چیئرمین کمیٹی کی نامزدگی کریں گے۔ بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے آئینی روم میں پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کی مجلس عاملہ کے ارکان سے ملاقات میں سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے تصدیق کی کہ متذکرہ خصوصی کمیٹی کے قیام کیلئے حکومت اپوزیشن پارلیمانی جماعتوں نے قائدین کو خطوط لکھ دیئے گئے ہیں۔ سپیکر نے کہا کہ حکومت انتخابی دھاندلی کے الزامات کی تحقیقات میں سنجیدہ ہے۔ حکومتی دلچسپی کی وجہ سے پہلے روز ایوان میں کمیٹی کی تشکیل کی تحریک پیش کی گئی۔ وزیراعظم براہ راست اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں۔ اپوزیشن کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا ہم چاہتے ہیں کہ خصوصی کمیٹی جلد قائم ہو جائے اور اپنا کام شروع کر دے۔ انہوں نے کہا کہ قومی اہمیت کے معاملات کو حل کرنے کے لئے حکومت اپوزیشن میں ہم آہنگی اور پل کا کردار ادا کرنے کی کوشش کروں گا۔ ریاست اور مملکت سب کی ہے۔ ریاست ہے تو ہم ہیں تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر چلوں گا۔ قومی معاملات پر ایوان میں بحث کروائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا پر ملک کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ ہم اس ملک کے شہری ہیں، ملک ہو گا تو ہم ہونگے۔ اس کی ترقی کے لئے ہم سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہو گا، میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے اس کی اہمیت سے آگاہ ہیں۔ سپیکر نے اعلان کیا قومی اہمیت کے حامل مسائل پر ماہرین سے مشاورت کی جائے گی۔ میڈیا بھی ان ایشوز کے حل کے لئے اپنی تجویز دے کیونکہ ذرائع ابلاغ سے جاری معلومات اور اطلاعات کا معاشرے پر گہرے اثرات ہوتے ہیں۔ ذرائع ابلاغ کو چاہئے کہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرے۔ پارلیمنٹ کے وقار میں اضافے کیلئے میڈیا کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے بلکہ کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔
تازہ ترین