• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’ٹانگ توڑ دوں گا‘‘، تقریب میں بھارتی وزیر کی ایک شخص کو دھمکی

کراچی (نیوز ڈیسک) بھارت میں معذور افراد کیلئے منعقدہ ایک تقریب میں بھارتی وزیر برائے ہیوی انڈسٹریز اور پبلک انٹرپرائزز کی جانب سے ایک شخص کے ساتھ بدتمیزی کے واقعے کے بعد ان پر استعفے کیلئے دبائو بڑھ رہا ہے۔ غیر ملکی اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مغربی بنگال میں منعقدہ معذور افراد میں اشیا کی تقسیم کی تقریب میں حکمران جماعت بی جے پی سے تعلق رکھنے والے وزیر اور سابق گلوکار بابُل سپریو ایک شخص پر برہم ہوگئے اور اسے دھمکی آمیز لہجے میں کہا کہ ’’میں تمہاری ٹانگ توڑ دوں گا‘‘۔ رپورٹ کے مطابق، جس شخص کے ساتھ بدسلوکی کی گئی وہ شخص وزیر کے خطاب کے دوران ایک جگہ سے اٹھ کر دوسری جگہ بیٹھنے کی کوشش کر رہا تھا جس پر وزیر ناراض ہوگئے اور اس سے کہا ’’کیا ہوا تمہیں، کوئی مسئلہ ہے، ٹانگ توڑ دوں گا تمہاری، بیساکھی سے چلنے لگو گے۔‘‘ اس کے بعد وزیر نے اس شخص سے وہاں سے ہٹ جانے کو کہا اور اپنے گارڈز کو ہدایت کی اگر یہ شخص دوبارہ وہاں سے اٹھے تو ٹانگیں توڑ دینا۔ بھارتی خبر رساں ادارے اے این آئی کی جانب سے اس پورے واقعے کی ویڈیو ریکارڈ کی گئی جس کے بعد یہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ عوام کی ایک بڑی تعداد نے نہ صرف بابل سپریو پر شدید تنقید کی بلکہ انہیں مستعفی ہونے کیلئے بھی کہا۔ لوگوں کا کہنا تھا کہ وزیراعظم مودی نے کیسے کیسے غنڈوں کو کابینہ میں بھرتی کر رکھا ہے، ایسے سیاست دان 2019ء کے الیکشن کے بعد چھپتے پھریں گے، ایسے گھمنڈی لوگوں سے نمٹنے کیلئے عوام کو چاہئے کہ انہیں 2019ء کے الیکشن میں سبق سکھائیں۔
تازہ ترین