• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بہتر پاکستان کی تشکیل کیلئے شارٹ اور لانگ ٹرم پلاننگ کر رہے ہیں ، عبدالعلیم خان

لاہور(خصوصی رپورٹر)سینئر صوبائی وزیر /وزیر بلدیات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پنجاب میں100روزہ منصوبوں کیلئے ہر شعبے میں پائلٹ پراجیکٹ شروع ہوں گے تاکہ عوام کو اس ویژن پر کام کر کے دکھایا جا سکے جو وزیر اعظم عمران خان وطن عزیز کے بارے میں رکھتے ہیں ،سینئر وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت مستقبل میں بہتر پاکستان کی تشکیل کیلئے شارٹ اور لانگ ٹرم پلاننگ کر رہی ہے اور ہم انشاء اللہ عملی اقدامات کر کے دکھائیں گے ۔ان خیالات کا اظہار سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے گزشتہ روز90شاہرائے قائد اعظم میں ٹور ازم ،لیبر ، انڈسٹریز ، آبپاشی اور دیگر محکموں کے جائزہ اجلاسوں کی صدارت کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں میں استعداد کار اور کارکردگی میں اضافے کیلئے انقلابی اقدامات تجویز کیے جا رہے ہیں۔ اور محکموں کی ورکنگ کو آن لائن اور کمپیوٹرائزڈ کیا جائے گا تاکہ عوام تک اُن کی رسائی اور مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جا سکے ،سینئر وزیر نے کہا کہ پنجاب کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کو زمینی حقائق کے مطابق تشکیل دیا جائے گا اور اس میں عوامی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دی جائے گی ۔سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے مختلف محکموں کے100روزہ پلان کے سلسلے میں اجلاسوں کی صدارت کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ہر محکمہ لوگوں کی ضروریات اور سرکاری وسائل کے مطابق اپنی ترجیحات کا از سر نو تعین کرے ،انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت سے عوامی توقعات بہت زیادہ ہیں جنہیں پورا کرنے کیلئے دن رات کام کیا جائے گا ،سینئر وزیرنے پنجاب میں ٹور ازم کے نئے مواقع تلاش کرنے کیلئے محکمہ سیاحت کے افسران کو ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ہدایت کی ۔
تازہ ترین