• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گیس نرخ ،آل پاکستان سی این جی نے بھی اضافہ مستردکردیا

پشاور(خبر نگار)آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن نے گیس کے نرخ میں اضافے کومستردکرتے ہوئے حکومتی فیصلہ کوبلاجوازاورظالمانہ قراردیاہے ۔پشاورپریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن خیبرپختونخوازون کے چیئرمین فضل مقیم خان نے کہاکہ گیس کی قیمتوں میں 40فیصدحالیہ اضافہ کے باعث سی این جی سیکٹرکامستقبل دائوپرلگ گیاہے ،اس وقت ملک بھرمیں6ہزاراورخیبرپختونخوامیں 520سی این جی سٹیشنزہیں اوراس سیکٹرکی بندش کے باعث 450ارب کی سرمایہ کاری ضائع ہونے کیساتھ ساتھ لاکھوں افرادکے بھی بیروزگارہونے کاخدشہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ ایک جانب حکومت نے بلین ٹری منصوبہ شروع کررکھاہے تاکہ ماحولیاتی آلودگی کوختم کیاجاسکے اوردوسری طرف ماحول دوست فیول ختم کرکے پھرسے ڈیزل اورپٹرول کے استعمال کوبڑھاوادے کرماحول کوآلودہ کروانے پرتلی ہوئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ یہ اضافہ صرف گیس نرخ پرہی نہیں بلکہ جی ایس ٹی 17فیصداورایڈوانس انکم ٹیکس 6فیصدہے اور مجموعی طورپراضافہ 23 فیصد سے زیادہ صرف ٹیکسزبڑھیں گے اوراس کے نتیجے میں کرایوںمیں 40سے 50فیصد اضافہ ہوگااورمزیدمہنگائی بڑھے گی جس سے غریب عوام شدیدمتاثرہونگے ۔انہوں نے کہاکہ عدالتی فیصلے کے برعکس خیبرپختونخوامیں گیس کی مصنوعی قلت پیداکرکے اورگیس کے نرخ بڑھاکراٹھارویں ترمیم کی دھجیاں اڑادی گئی ہیں دوسری جانب وزیرپٹرولیم کے مطابق خیبرپختونخوااورسندھ کے عوام کو سستی گیس مل رہی ہے حالانکہ یہاں کم پریشراورگیس کی مصنوعی قلت ،وفاقی اورصوبائی ٹیکسزکی بھرمارکی وجہ سے عوام سخت اذیت کاشکارہےیں۔ایسوسی ایشن نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ اپنے فیصلے پرنظرثانی کرکے فیصلہ واپس لے بصورت دیگر محرم الحرام کے بعد ملک گیر شٹرڈاون ہڑتال کی جائے گی۔
تازہ ترین