• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک بھر میں 9 محرم کے جلوس نکالے جارہے ہیں

کراچی، اسلام آباد، لاہور اور پشاور سمیت ملک کے مختلف شہروں سے آج نویں محرم کے جلوس نکالے جارہے ہیں،برطانیہ کے مختلف شہروں میں بھی مجالس عزا برپا ہے۔

کراچی میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر جمعے تک پابندی عائد کی گئی ہے، کراچی اور پشاور سمیت خیبر پختون خوا کے مختلف شہروں میں آج اور کل موبائل فون سروس بند رہے گی۔

کراچی میں نو محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگا،جلوس کے راستے میں آنے والی تمام سڑکوں کو کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا ہے، موبائل فون سروس آج بھی معطل رہے گی ۔

نویں محرم کا جلوس آج اسلام آباد کے سیکٹر جی سکس ٹو کی امام برگاہ سے برآمد ہو گا، جلوس کے راستوں پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات ہوں گے، موبائل سروس بھی بند رہے گی۔

لاہور میں آج مجالس ہوں گی اور جلوس نکالے جائیں گے، عزہ داران عظیم ترین شہادت کو یاد کریں گے۔

لاہور میں آج نکلسن روڈ پر نویں محرم کی پہلی مجلس عزا ہوگی بعد میں شبیہ ذالجناح برآمد ہوگا،9محرم کا مرکزی جلوس صبح 10بجے کے قریب پانڈو اسٹریٹ، اسلام پورہ سے نکلے گا اور روایتی راستے سے ہوتا ہوا شام سید موج دریا روڈ پرخیمہ سادات پہنچے گا اور واپس پانڈو اسٹریٹ آئے گا۔

صبح نو بجے قصر بتول شادمان سے بھی جلوس نکلے گا، کالی کوٹھی علامہ اقبال ٹاؤن سے بھی جلوس نکلے گا۔

محرم الحرام کے ماتمی جلوسوں کی وجہ سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق جلوس کے روٹس پر موبائل سروس بند رہے گی۔

محکمہ داخلہ پنجاب کا مزید کہنا ہے کہ لاہور میں نویں اور دسویں محرم کے دوران ڈبل سواری پر پابندی بھی رہے گی، جلوس میں شرکت کے لیے آنے والوں کی تین درجاتی سیکیورٹی رکھی گئی ہے،جبکہ اسلحہ لے کر چلنے پر مکمل پابندی عائد ہے۔

ملتان میں 9ویں محرم الحرام کے موقع پر 82 جلوس برآمد کئے جائیں گے، 171 مجالس عزاء منعقد کی جائیں گی، جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی سخت ہے، راستے سیل ہیں، فوج اور رینجرز بھی امن و امان کی صورت حال کنٹرول کرنے میں پولیس کی مدد کریں گی۔

ملتان پولیس نے 9 جلوسوں اور 37 مجالس کو انتہائی حساس قرار دیا ہے، جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی پر 2601 پولیس اہلکار تعینات رہیں گے جبکہ فوج کی 5 اور رینجرز کی 3 کمپنیاں بھی ڈیوٹیز سرانجام دیں گی ۔ 370

قومی رضا کار اور 17 سو رضا کار پولیس کے ساتھ ڈیوٹیز میں مدد کریں گے، ملتان میں علم کا مرکزی جلوس امام بارگاہ ممتاز آباد سے برآمد ہو گا ۔

جلوس نماز مغربین کے وقت مقررہ راستوں گول پلاٹ سے ہوتا ہوا امام بارگاہ ممتاز آباد پر اختتام پذیر ہو گا۔

ضلع ملتان میں دفعہ 144 کے تحت آج اور کل موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے، جبکہ جلوسوں کی فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔

پشاور صدر کی حسینیہ امام بارگاہ سے نویں محرم کا جلوس کچھ دیر بعد نکالاجائے گا، نویں محرم کے عزاداران کی حفاظت کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خصوصی انتظامات کر رکھے ہیں۔

روہڑی میں رات دیر گئے برآمد ہونے والا نو ڈھالہ تعزیے کا جلوس منڈو کھبڑ کے مقام پر پہنچ کر قیام م پذیر ہوگیا، جہاں زائرین کی جانب سے دوپہر تک زیارت کا سلسلہ جاری رہے گا اور نماز ظہرین کے بعد دوسرے مرحلے کا جلوس برآمد ہوگا۔

پڈعیدن سمیت ضلع نوشہروفیروز میں محرم الحرام میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرتے ہوئے ضلع بھر میں 4ہزار سے زائد پولیس اہلکار اور رینجرز کے جوان بھی تعینات کیے گئے ہیں، داخلی و خارجی راستے سیل کردیے گئے ہیں۔

راجن پور میں نو اور دس محرم الحرام کے موقع پر موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے،پولیس نے شہر کے تمام داخلی راستوں کو سیل کر دیا ہے۔

گوجرانوالہ میں 9محرم الحرام کے روز مجموعی طور پر 103جلوس نکالے جائیں گے، مرکزی جلوس امام بارگاہ حویلی سادات سے برآمد ہوگا، پولیس نے جلوسوں کے راستوں پر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے ہیں۔

تازہ ترین