• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’وزیراعظم نے بھارتی ہم منصب کو مثبت پیرائے میں جواب دیا‘‘

دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے وزیراعظم عمران خان نے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کو مثبت پیرائے میں خط کا جواب دیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نےبھارتی وزیراعظم کو خط میں لکھا ہے کہ آؤ بات چیت کے ذریعے تمام مسائل کا حل نکالیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان بھارت کی جانب سے باضابطہ جواب کا منتظر ہے۔

واضح رہے کہ جوابی خط میں وزیراعظم عمران خان نے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کو پھر مذاکرات کی دعوت دی ہے۔

بھارتی وزیراعظم کی مبارکباد پر جوابی خط میں وزیراعظم عمران خان نے پاک بھارت باضابطہ مذاکرات جلد شروع کرنے پرزور دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں پاک بھارت وزرائے خارجہ بات چیت کا باقاعدہ آغاز کریں، پاکستان دہشت گردی کےمعاملے پر بھی یقینی طور پر بات کرنے کو تیار ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے تعلقات بلاشبہ ناقابل تردید چیلنجز کا شکار ہیں، مسئلہ کشمیر سمیت سرکریک اور سیاچن کے تنازعات کا حل تلاش کرنا ہوگا،پاکستان اوربھارت کواپنےعوام اورآنے والی نسلوں کی بہتری اورامن کےلیےاقدامات کرنا ہوں گے۔

وزیراعظم نے منصب سنبھالنے پر بھارتی وزیراعظم کی مبارکباد کا شکریہ بھی ادا کیا۔

اس سے قبل بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا نے بھی وزیراعظم عمران خان کے نریندر مودی کو خط سے متعلق خبر شائع کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ عمران خان نے پاک بھارت مذاکرات کا سلسلہ بحال کرنے کی پیشکش کی ہے۔

تازہ ترین