• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نو محرم الحرام : کراچی میں مرکزی جلوس روایتی راستوں پر گامزن

کراچی میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس اپنے روایتی راستوں میں گامزن ہے، جن کی سیکورٹی پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات ہےجبکہ شہر میں موبائل فون سروس جزوی طور پر معطل ہے۔

کراچی میں 9 محرم الحرام کی مرکزی مجلس نشتر پارک میں منعقد ہوئی، مجلس سے خطاب میں علامہ شہنشاہ نقوی نے نواسہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی عظیم قربانی اور تعلیمات پر روشنی ڈالیں۔

مجلس کے بعد مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا، جلوس کے شرکاء امام بارگاہ علی رضا پر نماز ظہرین ادا کی،جلوس سی بریز، ایمپریس مارکیٹ، ریگل چوک، ریڈیو پاکستان سے ہوتا ہوا، امام بارگاہ حسینیان ایرانیان کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا۔

جلوس کی سیکورٹی کے لیے ایم اے جناح روڈ کے اطراف کی تمام گلیوں کو کنٹینرز لگا کر بند کردیا گیا ہے، راستے میں آنے والی تمام دکانوں کو سیکورٹی کلیئرنس کے بعد سیل کیا گیا ہے، سیکورٹی کے لیے پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے، جبکہ بلند عمارتوں پر ماہر نشانہ باز بھی موجود ہیں۔

سیکورٹی کو مزید موثر بنانے کے لیے شہرمیں پر موبائل فون سروس جزوی طور پر معطل ہے جبکہ موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پربھی 10 محرم تک پابندی عائد ہے، جلوس کے راستوں کی فضائی نگرانی بھی کی جا رہی ہےتاہم جلوس کی گزر گاہوں پر موجود پٹرول پمپس اور سینما گھروں کو بھی 10 محرم الحرام تک سیل کردیا گیا ہے۔

تازہ ترین