• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جو فدا ہوجائے حق پر وہ فنا ہوتا نہیں

آنکھ سے اوجھل تو ہوتا ہے، جدا ہوتا نہیں

استقامت سے گریزاں خیر و شر کی جنگ میں

بندۂ ایجاب و تسلیم و رضا ہوتا نہیں

دُنیوی اغراض سے ہوتے ہیں اکثر معرکے

ہر تصادم کارزارِ کربلا ہوتا نہیں

دیدۂ دل مستقل بے خواب رہنا چاہئے

یہ دریچہ بند ہوجائے تو وا ہوتا نہیں

نامِ نامی حضرتِ عبّاس کا شامل نہ ہو

تو مکمل ذکرِ اربابِ وفا ہوتا نہیں

اصغرِ بے شیر کی گردن پہ ناوک ؛ حیف حیف

ظلم تو دنیا میں کس پر کونسا ہوتا نہیں

پا گیا قربان ہوکر حُر حیاتِ جاوداں

جذبۂ ایثار صادق ہو تو کیا ہوتا نہیں

آزمائش کی گھڑی میں ساتھ ہو جو اے شعورؔ

دوسرا ہوتے ہوئے بھی دوسرا ہوتا نہیں

تازہ ترین