• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عرب اتحاد کی کشتی پر بمباری سے 18 ماہی گیر جاں بحق ہوگئے، حوثیوں کا الزام

صنعا (آئی این پی )یمنی حوثی باغیوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ عرب اتحاد کی فضائیہ نے سمندری حدود میں ماہی گیروں کی کشتی پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 18ماہی گیر جاں بحق ہو گئے،عرب اتحاد نے کشتی پر حملے کا حوثی الزام مسترد کر دیا،کشتی پر حملہ ایران نواز حوثیوں کی جانب سے کیا گیا۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق حوثی جنگجوئوں نے الزام عائد کیا ہے کہ عرب اتحاد کے جنگی طیاروں نے یمن کی سمندری حدود میں ماہی گیروں کی کشتی پر فضائی بمباری کی ہے جس کی زد میں آکر 18 ماہی جاں بحق ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق یمن میں آئینی حکومت کے خلاف برسرپیکا ر حوثی جنگجوئوں کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد کے جنگی طیاروں نے ایک کشتی کو نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں درجن سے زائد سوار جاں بحق ہوئے ہیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ یمن کی الخوخھا نامی سمندری حدود میں ماہی گیروں کی کشتی پر فضائی بمباری کی گئی ہے۔دوسری جانب سعودی عرب کی سربراہی میں یمن کی آئینی حکومت نصرت کے لیے جنگ کرنے والے عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے ماہی گیروں کی کشتی پر فضائی حملے کے الزامات کو رد کرتے ہوئے حوثیوں پر الزام عائد کیا ہے کہ مذکورہ حملہ ایران نواز حوثیوں کی جانب سے کیا گیا ہے۔کرنل ترکی المالکی کا کہنا تھا کہ ایرانی سرپرستی میں دہشت گردانہ کارروائیاں کرنے والے حوثی جنگجو اس سے قبل بھی عام شہریوں پر اس طرح کے حملے کرچکے ہیں۔

تازہ ترین