• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہدائے کربلا کی قربانیاں ملت کیلئے نقش راہ کی حیثیت رکھتی ہیں،میر واعظ

کراچی(جاوید رشید)کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین اور متحدہ مجلس علماء کے امیر میرواعظ عمر فاروق نے شہدائے کربلاخاص طور پر سیدنا حضرت امام حسین ؓ کی عظیم اور تاریخ ساز قربانیوں کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہدائے کربلا کی بے مثال قربانیاں پوری ملت کیلئے نقش راہ کی حیثیت رکھتی ہیں،انسانیت سوز مظالم اور جبر و قہر کے استبدادی حربوں کے سامنے جھکنا ہرگز حسینیت نہیں ہے ، اسلامی عقائد ، تعلیمات اور بنیادی نظریات کے تحفظ کیلئے 61 ہجری میں حضرت امام عالی مقامؓ نے اپنے جانثار رفقاء کے ہمراہ انتہائی مظلومیت اور بے کسی کی حالت میں جس سرفروشی اور قربانی کا مظاہرہ کیا وہ رہتی دنیا تک انسانیت کیلئے رہنمائی فراہم کرتی رہیگی۔ میرواعظ نے کہا کہ حضرت امام حسین ؓ نے باطل قوتوں کے سامنے جھکنے سے انکار کرکے تا قیامت حق و صداقت کے علم کو بلند رکھ کر حق پرستوں اور حق پسندوں کیلئے ایک درخشندہ مثال قائم فرما دی۔انہوں نے کہاکہ شہدائے کربلا کی بے مثال قربانیاں پوری ملت کیلئے نقش راہ کی حیثیت رکھتی ہیں ۔ میرواعظ نے کہا کہ شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہی ہے کہ ہم باطل افکار و نظریات اور وطن عزیز جموں وکشمیر میں سرکاری سطح پر جاری دہشت گردی، قتل وغارت اور ظلم و جبر کے سامنے جھکنے کے بجائے حق و صداقت کے پرچم کو ہر حال میں بلند رکھنے کیلئے اپنی مقدور بھر کوششوں میں تیزی لائیں اور جب بھی اور جہاں بھی باطل قوتیں سر اٹھائیں تو حق و صداقت کی سربلندی کیلئے حسینی پیروکار بن کر ان کے خلاف صف آرا ہو جائیں۔انہوں نے کہا کہ انسانیت سوز مظالم اور جبر و قہر کے استبدادی حربوں کے سامنے جھکنا ہرگز حسینیت نہیں ہے لہٰذا ہمیں اس مرحلے پر اپنی مبنی برحق جدوجہد حق خودارادیت کے نصب العین کو حاصل کرنے کیلئے اجتماعی طور پر آگے بڑھنے کی خاطر بھر پور استقامت اور یکسوئی کا مظاہرہ کرنے کی اشد ضرورت ہے اور تبھی جاکر ہم اپنی منزل حق خودارادیت اور آزادی کو حاصل کرسکتے ہیں۔
تازہ ترین