• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

واقعہ کربلا حق وسچ کی خاطر قربانی دینے اور باطل کے سامنے سربکف ہونے کا نام ہے،آفاق احمد

کراچی(پ ر) مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد نے یوم عاشور پر اپنے پیغام میں کہا کہ واقعہ کربلا حق وسچ کی خاطر قربانی دینے اور باطل کے سامنے سربکف ہونے کا نام ہے ۔ میدان کربلا میں حضرت امام حسین ؓ اور انکے رفقاء نے باطل کا مقابلہ کرکے ثابت کردیا کہ خالق کی عظمت اور کبریائی کو ماننے والے کبھی مخلوق کے سامنے سر نہیں جھکاتے ۔ اپنے پیغام میں آفاق احمد نے کہا کہ اسلام اور قربانی کا چولی دامن کا ساتھ ہے، بہتر اور بڑے مقصد کیلئے جان و مال قربان کرنا نبیوں کی سنت ہے جسے میدان کربلا میں حضرت امام حسینؓ نے دوبارہ زندہ کیا ۔ آفاق احمد نے کہا کہ آج امت مسلمہ بالخصوص پاکستانی عوام جن پریشانیوں کے شکار ہیں اسکی بنیادی وجہ مذہب سے دوری اور قربانی و ایثار کا جذبہ کمزور ہونا ہے۔ ہم نے دنیاوی فوائد اور ذاتی مفادات کیلئے قوانین قدرت کو پس پشت ڈال دیا جس کی وجہ سے کشمیر سے شام تک مسلمانوں کو مار پڑرہی ہے ، جب تک ہم ایک دوسرے کیلئے قربانی دینے کا جذبہ اور احکامات خداوندی کی پیروی نہیں کریں گے تب تک مسائل سے نجات مشکل ہوگی ۔ آفاق احمد نے کہا اسلام میں فرقہ واریت اور مذہبی منافرت کی کوئی گنجائش نہیں ، حضرت امام حسینؓ دنیا بھر کے مسلمانوں کے سر کا تاج ہیں اور انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کا سب سے بہتر طریقہ خود میں قربانی و ایثار کا جذبہ پیدا کرنا ہے جس کی ہم میں بے انتہا کمی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں باہمی اختلافات بھلا کر ایک قوم اور ملت کا تصور اجاگر کرنا ہے کیونکہ حضرت امام حسین کی قربانی کسی ایک فرقہ یا مسلک کیلئے نہیں دین اسلام اور پوری انسانیت کیلئے تھی۔ 

تازہ ترین