• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کھوکھلے نعروں کا دور گزرچکا ،عملی اقدامات کی گواہی خود عوام دینگے،وزیر اعلیٰ بزدار

لاہور(نمائندہ جنگ)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی اور پاکستان تحریک انصاف کے عہدیداروں نے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل کے حل کیلئے تبادلہ خیال کیا گیا۔عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ تحریک انصاف کی قیادت عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرے گی اور اس سلسلے میں 100 روز میں عوام کو ریلیف کا احساس دلانے کیلئے شب و روز کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھوکھلے نعروں کا دور گزرچکا ،ہمارے عملی اقدامات کی گواہی خود عوام دیں گے۔ماضی میں زبانی جمع خرچ سے کام چلایاگیا جبکہ تحریک انصاف کی حکومت پنجاب کے عوام کو ان کا حق لوٹا کر دم لے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے سادگی اورکفایت شعاری کی مثال قائم کی ہے۔ صوبہ پنجاب اپنے کپتان کی توقعات کو پورا کرے گا۔میں پسماندہ علاقے سے آیا ہوں اورعام آدمی کے مسائل کا پورا ادراک ہے۔عوام کے ساتھ درد کا رشتہ ہے اور ہمارے دکھ سانجھے ہیں۔ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزیر یاسر ہمایوں سرفراز، اراکین اسمبلی محمد طارق تارڑ، فدا حسین وٹو، سعیداحمد سعیدی ، پی ٹی آئی رہنماء فردوس عاشق اعوان،نائب صدر خواتین ونگ سیما انوار،چوہدری اشفاق اورچوہدری کاشف شامل تھے۔ سردار عثمان بزدارسے رکن قومی اسمبلی بریگیڈئیر(ر) اعجازشاہ نے ملاقات کی ۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت مساوی انسانی حقوق پر یقین رکھتی ہے اورننکانہ صاحب سمیت اقلیتی عبادت گاہوں میں بہتر سہولتیں فراہم کریں گے کیونکہ پاکستان میں بسنے والی اقلیتوں کو آئین برابر کے حقوق دیتا ہے۔سردار عثمان بزدار نے عالمی یوم امن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ملک میں قیام امن کے قیام کیلئے پرعزم ہے اورامن کا براہ راست تعلق ترقی اورخوشحالی سے جڑا ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے۔ پاکستان کے بہادر عوام ، جری افواج اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے قیام امن کیلئے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں امن کیلئے اپنا آج قربان کرنیوالے وطن کے بہادر سپوت پوری قوم کے ہیروہیں۔ سردار عثمان بزدار نےیوم عاشورہ کے حوالے سے جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ واقعہ کربلا صبر و تحمل، رواداری،ایثار اورقربانی کا درس دیتا ہے اورنواسہ رسولؐ حضرت امام حسینؓ اورشہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں نے دین اسلام کے آفاقی اصولوں صبر،برداشت اورقربانی کو قیامت تک کیلئے زندہ کردیا ہے۔کربلاکے میدان میں حق و باطل کا معرکہ مسلمانوں کو ظلم اور بربریت کیخلاف جہاد کرنے کا درس دیتاہے۔ حضرت امام حسینؓ اور ان کے جانثار ساتھیوں نے لازوال قربانیاں دے کر حق کا پرچم بلند سر بلند کیا۔حضرت امام حسینؓ اوران کے جانثاروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے باطل کے سامنے نہ جھکنے کا درس دیا ہے ۔ سردار عثمان بزدارنے شیخ زید ہسپتال رحیم یار خان میں لیڈی ڈاکٹر کے ساتھ پیش آنے والے افسوسناک واقعہ کا سخت نوٹس لیا ہے ۔وزیر اعلی نے سیکرٹری صحت سے رپورٹ طلب کر تے ہوئے واقعہ کی جامع تحقیقات کا حکم دیا ہے ۔
تازہ ترین