• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زلفی بخاری سمیت تمام تقرریاں، تعیناتیاں میرٹ پر ہوئیں ،ولید اقبال

کراچی(ٹی وی رپورٹ)مارننگ شو’’جیو پاکستان‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم کے مشیر پی ٹی آئی رہنما ولید اقبال نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت میں زلفی بخاری سمیت تمام تقرریاں اور تعیناتیاں میرٹ پر کی گئیں، زلفی بخاری اپنی اہلیت و صلاحیت کے باعث مقرر کیے گئے ، معاملے کو متنازع بنانا چائے کی پیالی میں طوفان اٹھانے کے مترادف ہے ،زلفی بخاری کا عمران خان کا دوست ہونا عہدے کے لئے ثانوی ہے زلفی بخاری کیخلاف ابھی صرف انکوائری جاری ہے باقاعدہ کیس یا ریفرنس دائر نہیں کیا گیا، جہاں تک دہری شہریت کا تعلق ہے وہ منتخب ارکان پر لاگو ہوتا ہے ، سرکاری عہدیداران اور معاونین پر لاگو نہیں ہوتا۔قدرتی حسن سے مالا مال علاقے چترال میں خودکشی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اس پر بھی بات کی گئی،راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ میں فخر زمان اور امام الحق نے شارٹس کھیلنے میں بہت جلدی کی،ماہر قانون شہاب سرکی نے کہا کہ قانون میں سزائیں معطل ہونے کی گنجائش موجود ہے، موجودہ کیس میں ٹرائل کے وقت نیب پراسیکیوٹر کا کردار تسلی بخش نہیں تھا ، دبائو کی وجہ سے شائد شہادت میں کچھ ایسے معاملات رہ گئے ہیں جن کے جواب ان کو اب عدالت میں دینے پڑ رہے ہیں ، اب اپیلیوں کے وقت مکمل کیس سنا جائے گا ، جس میں 6 مہینے، سال یا اس سے زیادہ کا وقت بھی لگ سکتا ہے ، اپیلوں کی سماعت کے دوران عدالت گہرائی میں نہیں جاتی ، لیکن اب جب کیس کی مکمل سماعت ہوگی تو ممکن ہے نیب کے پاس کوئی اور گرائونڈ موجود ہو ، کیس کی دوبارہ سماعت ہونے سے کیس پر فرق ضرور پڑتا ہے ، ممکن ہے کہ سزا قائم رہے ، سزا ختم ہو جائے یا سزا کے کم ہونے کے بھی امکانات موجود ہیں ۔ سینئر تجزیہ کار عاصمہ شیرازی نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ37رکنی پنجاب کابینہ میں صرف ایک خاتون کی شمولیت پی ٹی آئی کی خود اپنی پالیسی کی نفی ہے ،خواتین کو نمایاں کامیابی اور عہدوں سے متعلق تحریک انصاف کے اندر ایک تخصیص کا تاثر دیا جارہا ہے ، وفاقی کابینہ میں بھی شامل دو خواتین پی ٹی آئی سے تعلق نہیں رکھتیں ،اس سلسلے میں خواتین کارکنوں کو خود پارٹی قیادت سے بات کرنی چاہیے۔ایشیا کپ میں بھارت کے ہاتھوں پاکستان کی بدترین شکست پرتبصرہ کرتے ہوئے سابق ٹیسٹ کرکٹر سکندر بخت کا کہنا تھا کہ ٹیم کا مطلب ہوتا ہے 11کھلاڑیوں نے مل کر محنت کرنا ہے ، اگر کسی ایک کھلاڑی پر ٹیم آسرا کرتی ہے تو اس ٹیم کو ختم کردینا چاہیے ، بھارت کے خلاف پاکستانی ٹیم پر اعتماد نہیں بلکہ overconfidenceنظر آئی ، پاکستانی ٹیم نے بھارت اور ہانگ کانگ کا کھیل نہیں دیکھا، انڈین ٹیم میں 3 ایسے بالرز تھے جن کو پاکستانی ٹیم نے کبھی نہیں کھیلا اور پاکستان بھارت کا میچ اس نوعیت کا نہیں ہوتا کہ بس کھیل لیا جائے ۔راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر کا کہنا تھا کہ فخر زمان اور امام الحق نے شارٹس کھیلنے میں بہت جلدی کی یہ ان کے مطلب کی وکٹ نہیں تھی ،اگر یہ تھوڑا ٹائم لیتے تو شائد ہمیں رنز نظر آتے ،پاکستان کو اوپنگ اسٹینڈ 70رنز تک کا ملتا تو شائد صورتحال مختلف ہوتی ، کھیل میں سب سے بڑی غلطی یہ کہ ہم نے ایک جیسے بالرز کھلائے ، ہمیں شاہین آفریدی کی طرف دیکھنا چاہیے ، سرفراز کو یہ دیکھنا پڑے گا کہ بالرز کو تبدیل کس طرح کرنا ہے ، دوسرا پاکستانی ٹیم کا میدان میں پہلے سے ہمت ہار جانا جیت کے لئے ہمیشہ خطرہ رہتا ہے ، پاکستان کو اس میچ سے سیکھنے کے بعد آگے بڑھنا چاہیے اور پاکستانی ٹیم اچھا کم بیک کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔کراچی میں ایک سال کے دوران بچوں کے اغوا کی تیزی سے بڑھتی وارداتوں سے شہر میں خوف و ہراس بڑھنے لگا ہے ، پولیس چیف امیر شیخ کے مطابق لا پتہ ہونے والے زیادہ تر بچے خود سے گھر سے بھاگے اور واپس آئے ، نمائندہ خصوصی جیو نیوز افضل ندیم ڈوگر نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا اغوا برائے تاوان کی رپورٹ درج ہونے میں دو سے تین دن لگتے ہیں ، لاپتہ ہونے والے 164 بچوں میں سے 120 واپس آگئے ، جب ہم بات کرتے ہیں واپس آگئے تو یہاں یہ بات قابل غور ہوتی ہے کہ بچے ممکنہ طور پر اپنے گھر کے ماحول کے باعث فرار ہوئے ، جو کام مکمل ہونے کے بعد واپس لوٹ آتے ہیں، دوسری جانب سوشل میڈیا پر پھیلنے والی غلط خبریں بھی معاملے کو بگاڑ رہی ہے ، ایم اے جناح روڈ سے ماں کی گود سے بچے کا اغوا کی خبر پر ذاتی طور پر 11 تھانوں سے رابطہ کرنے پر پتا چلا کہ ایسی کوئی رپورٹ نہیں ہے ، دوسری جانب 8 ماہ کی بچی کے اغوا کا معاملہ ماں کی جانب سے کافی گھمبیر نظر آتا ہے ۔ افضل ندیم ڈوگر کا مزید کہنا تھا کہ ان تمام رپورٹس کا ایک فائدہ یہ ہوا ہے کہ ویمن پولیس اسٹیشنز میں خاص سیل قائم کر دئیے گئے ہیں ،1138کا ایمرجنسی نمبر مہیا کردیا گیا ہے ۔ دوسری جانب اسٹریٹ کرائمز کے سلسلے میں پہلے سی سی ٹی وی فوٹیج ٹی وی پر جاری کردی جاتی تھی ، لیکن اب خفیہ طریقے سے اس پر کام کرتے ہوئے 40 لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ قدرتی حسن سے مالا مال علاقے چترال میں خودکشی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے ، رواں سال دریائوں میں چھلانگ لگا کر خود کشی کرنے والوں کی تعداد 33 ہیں، جن میں بڑی تعداد خواتین اور نوجوانوں کی ہے ، نمائندہ چترال احسان اللہ شاکر نے رپورٹ کرتے ہوئے بتایا کہ خود کشی کی بڑی وجوہات ڈپریشن ، مرضی کے خلاف شادی اور خواتین کو زندگی کے بہتر مواقع نہ ملنا شامل ہے ، تشویشنال صورتحال پر فلاحی ادارے کی جانب سے ایک روزہ کیمپ کا انعقاد کیا گیا ، ماہرین نے ضلع بھر میں شعور آگاہی مہم چلانے اور علماء کرام سے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔
تازہ ترین