• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محرم الحرام کے دوران بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ کم نہ ہوسکی، پریشان حال شہری سراپا احتجاج، سڑکوں پرنکل آئے

سکھر(بیورو رپورٹ) محرم الحرام کے دوران بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ میں کمی نہیں کی جا سکی، شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ کے باعث کاروباری سرگرمیاں اور معمولات زندگی بری طرح متاثر ہورہی ہے، بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ اور خراب ٹرانسفارمر کی عدم درستگی کیخلاف علاقہ مکینوں کا پیمانہ صبر لبریز ہوگیا اور لوگ سراپا احتجاج بن کر سڑکوں پر نکل آئے۔ غریب آباد کے رہائشی افراد نے واری تڑ روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا، ٹائروں کو نذر آتش کرکے ٹریفک کی آمد و رفت معطل کردی۔ مظاہرے میں شامل محمد زبیر، صغیر علی ودیگر نے الزام عائد کیا کہ ہمارے علاقے میں گزشتہ 5دن سے بجلی کی سپلائی معطل ہے، سیپکو اہلکاروں نے ٹرانسفارمر کے جمپر اتار دیے ہیں، متعدد بار سیپکو افسران کو شکایات اور درخواستیں کیں مگر کوئی ہماری بات سننے کو تیار نہیں، کئی دن سے بجلی غائب رہنے سے نظام زندگی درہم برہم ہوکر رہ گیا ہے، گھروں میں خواتین، بچے، ضعیف العمر افراد انتہائی کسمپرسی کے عالم میں زندگی گزار رہے ہیں، انہوں نے سیپکو چیف و دیگر بالا حکام سے اپیل کی کہ نوٹس لیکر ہمارے علاقے میں منقطع کی جانیوالی بجلی کی سپلائی بحال کی جائے بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کرینگے۔ دوسری جانب شہر کی گنجان آبادی والے علاقے شاہی بازار، فریئر روڈ، گھنٹہ گھر چوک، نشتر روڈ، لیاقت چوک، مارچ بازار، کپڑا مارکیٹ، میانی روڈ، کوئنس روڈ ، مینار روڈ، نیم کی چاڑھی، شہید گنج الیکٹرونکس مارکیٹ، اناج بازار، لڑائیکی بازار، موچی بازار، باغ حیات علی شاہ، ڈھک روڈ سمیت دیگر علاقوں میں سیپکو حکام کی جانب سے بجلی کی 10سے 12گھنٹے کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جبکہ بجلی کی آنکھ مچولی اور وقفے وقفے سے بندش نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کررکھا ہے۔ پریشان حال شہریوں نے وزیر اعظم ودیگر بالا حکام سے اپیل کی ہے کہ نوٹس لیکر بجلی کی لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں کمی کرائی جائے تاکہ عوام کی مشکلات میں کمی واقع ہوسکے۔

تازہ ترین