• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشیاکپ سپرفور، پاکستان کا آج خطرناک افغانستان سے مقابلہ

  دبئی(عبدالماجد بھٹی/ نمائندہ خصوصی)پاکستانی کرکٹ ٹیم بھارت کے ہاتھوں شکست کا زخم کھانے کے بعد جمعے کو شیخ زاید اسٹیڈیم میںخطرناک افغانستان کے خلاف ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے سپر فور مرحلے میں قسمت آزمائے گی۔ ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کا آغاز جمعے سے ہورہا ہے۔ بھارتی کرکٹ ٹیم دبئی میں بنگلہ دیش کے خلاف میچ کھیلے گی۔ بھارت کے ہاتھوں آٹھ وکٹوں کی شکست کے بعد پاکستان ٹیم اپنی بیٹنگ لائن کو مضبوط کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ توقع ہے کہ پاکستان ایک فاسٹ بولر کو کم کرکے اپنی بیٹنگ لائن کو زیادہ استحکام دے گا۔ امکان ہے کہ فہیم اشرف کو آرام دے کر حارث سہیل کو کھلایا جائے گا۔ حارث سہیل کی موجودگی میں پاکستان کے پاس اسپن بولنگ کا آپشن بڑھ جائے گا۔ پاکستان کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ خراب کارکردگی کا کوئی دفاع نہیں کرسکتا امید ہے کہ اگلے میچوں میں ہم غلطیاں نہیں دہرائیں گے۔ ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان، بھارت، افغانستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف ایک ایک میچ کھیلیں گی اور دو ٹاپ ٹیمیں جمعہ28ستمبر کو دبئی میں فائنل کھیلیں گی۔ پاکستان کے کپتان سرفرا ز احمد ٹورنامنٹ کے فارمیٹ پر تنقید کرچکے ہیں ان کا کہنا ہے کہ سفر ایسا معاملہ ہے کہ میچوں کے دوران ڈیڑھ گھنٹے کا سفر آسان نہیں اور پھر اس شدید گرمی میں دبئی سے ابوظہبی جانا، ایک دن میچ اور پھر ایک دن آرام کے بعد دوبارہ میچ کھیلنا صحیح نہیں ہے۔ پاکستان ٹیم کو سپرفور کے دو میچز کھیلنے شدید گرم موسم میں دبئی سے ابوظہبی جانا پڑے گا ۔جبکہ بھارتی ٹیم اپنے تمام میچز دبئی میں ہی کھیلے گی۔ ایشیا کپ سپر فور مرحلے میں جمعے کو دو میچوں کے بعد اتوار کو بھی ڈبل ہیڈر ہوگا۔ اتوار کو پاکستان اور بھارت کا میچ دبئی میں ہوگا۔ افغانستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں ابوظہبی میں کھیلیں گی۔منگل کو دبئی میں بھارت اور افغانستان کا میچ ہوگا جبکہ بدھ کو آخری لیگ میچ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان شیخ زائد اسٹیڈیم میں ہوگا۔پاکستان اور افغانستا ن کے درمیان ٹورنامنٹ سے قبل دو ون ڈے انٹر نیشنل ہوئے ہیں۔دونوں پاکستان نے جیتے ہیں لیکن افغانستان کی ٹیم اپنے اسپنرز راشد خان،مجیب اور محمد نبی کی وجہ سے حریفوں ٹیموں کے لئے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ایشیا کپ میں پاکستان نے ہانگ کانگ کو8وکٹ سے شکست دی تھی اور پھر بھارت نے پاکستان کو8وکٹ سے ہرادیا۔ افغانستان نے اپنے اسپنرز کی بدولت سری لنکا کو آئوٹ کلاس کردیا۔ جس کے بعد پانچ مرتبہ کی چیمپئن ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی۔ 

تازہ ترین