• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان سے مقابلہ، آسٹریلین کرکٹ ٹیم امارات پہنچ گئی

دبئی (نمائندہ خصوصی) بال ٹمپرنگ تنازع اور انگلینڈ کے ٹیسٹ اسٹار معین علی کواسامہ قرار دینے والی آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان ٹم پین کا کہنا ہے کہ پاکستان کے خلاف سیریز میں ان کی ٹیم سخت لیکن فیئر کرکٹ کھیلے گی۔ پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ کرکٹ میچوں کے دوران مجھے کھلاڑیوں کی جملے بازی پسند نہیں ہے اس لئے میں آسٹریلیا کے خلاف سیریز پر فوکس کرنا چاہتا ہوں۔ آسٹریلوی ٹیم جمعرات کو دبئی پہنچ گئی۔ مچل اسٹارک نے سرفراز احمد کی باتوں کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ سرفراز احمد نے میرے بارے میں بات کی ہے لیکن میں نے انہیں آئوٹ ضرور کیا ہے لیکن ان کے بارے میں کوئی نازیبا بات نہیں کی ہے۔ گذشتہ سال پاکستان ٹیم کے دورہ آسٹریلیا میں اسٹارک نے سرفراز احمد کو تین بار آئوٹ کیا تھا۔ اسٹارک نے کہا کہ یہ اچھی سیریز ہوگی اور سخت مقابلہ ہوگا ۔ آسٹریلوی ٹیم پاکستان کے خلاف ابوظہبی اور دبئی میں دو ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔ پہلا ٹیسٹ سات اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔ بارہ ماہ کی معطلی کے باعث اسمتھ اور وارنر ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔ آسٹریلوی ٹیم میں پانچ نئے کھلاڑی ہیں۔ پین نے کہا کہ ہم پاکستان کو سخت فائٹ دیں گے اور فیئر سیریز کھیلیں گے۔خیال رہے کہ آسٹریلیا کرکٹ 29 ستمبر سے پاکستان اے کے خلاف چار روزہ پریکٹس میچ کھیلے گی ۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ 7 اکتوبر سے کھیلا جائے گا پاکستان نے تاحال پاکستان اے اور پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان نہیں کیا آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کل سے ہلکی پھلکی ٹریننگ کا آغاز کرے گی۔
تازہ ترین