دبئی (نمائندہ خصوصی) پاکستان کے ٹیسٹ اوپنر شان مسعود نے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم ایشیا کپ فائنل کھیلنا چاہتی ہے۔افغانستان کو کسی بھی طرح آسان حریف نہیں سمجھتے۔ان کے اسپنرز خاص طور پر بولنگ بہت اچھی ہے،افغانستان نے بھی ہماری طرح یہاں بہت ساری کرکٹ کھیلی ہے۔ گذشتہ سال سری لنکا نے ہمیں ٹف ٹائم دیا تھا۔ اس نے سری لنکا کو ٹورنامنٹ سے باہر کیا تھا۔کوشش کریں گے کہ اپنی قوت کے مطابق کھیلیں۔ اس سیریز میں ہم ابوظہبی میں پہلا میچ کھیل رہے ہیں۔ اس لئے کچھ کھلاڑیوں کو آرام دیا ہے کہ تاکہ وہ تازہ دم ہوکر افغانستان کا مقابلہ کرسکیں۔ہمیں اندازہ تھا کہ ایک میچ جیت کر سپر فور میں جگہ بناسکتے تھے لیکن اب ہمارے پاس مزید غلطی کی گنجائش نہیں ہے۔ جمعرات کو آئی سی سی اکیڈمی میں پریکٹس سیشن کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شان مسعود نے کہا کہ امارات کا گرم موسم ہماری کارکردگی پر اثر انداز نہیں ہورہا ہے ہم کئی سال سے یہاں آرہے ہیں اور گذشتہ سال سری لنکا کی سیریز میں ہم نے یہاں گرم ترین موسم میں سیریز کھیلی تھی۔ ہم چند دن پہلے یہاں آکر موسم سے ہم آہنگ ہوچکے تھے۔ شان مسعود نے کہا کہ امام الحق اور فخر زمان پاکستان کی جانب سے اوپننگ کے شعبے میں اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں۔ امام نے ابتدائی دس میچوں میں چار ون ڈے سنچریاں بنائیں لیکن ہوسکتا ہے کہ بھارت کے خلاف پہلا میچ کھیلتے ہوئے وہ اپنے اعصاب پر قابو نہیں پاسکے ہوں۔ امام غیر معمولی صلاحیتوں کی مالک کھلاڑی ہے ۔شان مسعود نے کہا کہ پاکستان270،280 رنز بناکرمیچ جیت سکتا تھا لیکن کریڈٹ بھارت کے بولروں کو جاتا ہے جنہوں نے ہمیں غلطیوں پر مجبور کیا۔