• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ورلڈ سیپک ٹاکرا کیلئے پاکستانی دستہ آج بنکاک روانہ ہوگا

کراچی (شکیل یامین کانگا/اسٹاف رپورٹر) کنگز کپ ورلڈ سیپک ٹاکرا چیمپئن شپ 2018ءمیں شرکت کیلئے پاکستانی دستہ جمعہ کی دوپہر بنکاک روانہ ہوگا۔ پاکستانی دستہ میں مردوں اور خواتین کی ٹیم30ارکان پر مشتمل ہوگی جس میں22کھلاڑی، آفیشلز اورریفریزاور انٹرنیشنل سیپک ٹاکرا فیڈریشن کے اجلاس میں شرکت کرنے والے افراد بھی شامل ہوں گے۔ تھائی لینڈ کے شہرکورت میں 22 سے 30 ستمبر تک ہونے والی چیمپئن شپ میں دنیا کے چالیس سے زائد ممالک شرکت کریں گے۔ چیمپئن شپ میں پاکستان کی مردوں کی ٹیمیں چار ایونٹس جس میں ڈبلز، کوارڈ، ٹیم ایونٹ اور ریگو ایونٹ میں شرکت کریں گی جبکہ خواتین کی ٹیمیں کوارڈ، ڈبلز اور ریگو میں مقابلہ کریں گی۔ خواتین ٹیم کے ہیڈ کوچ ڈاکٹر عارف حفیظ نے کہا ہے کہ سیپک ٹاکرا کا کھیل دنیا بھرمیں کھیلا جاتا ہے اور پاکستان میں بھی یہ کھیل نیا نہیں ہے ہماری ٹیمیں گزشتہ پندرہ سال سے اس کے انٹرنیشنل مقابلوں میں شرکت کررہی ہیں اگرچہ ہمیں اب تک ورلڈ کپ چیمپئن شپ میں کوئی بڑی کامیابی نہیں ملی لیکن اس کے باوجود ہم پرامید ہیں کہ اس چیمئپن شپ میں ہمارے کھلاڑی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ 2015 ءمیں بنکاک میں ہونے والے سیپک ٹاکرا چیمپئن شپ میں پاکستان نے چوتھی پوزیشن حاصل کی تھی یہ اب تک ہماری سب سے بڑی کامیابی ہے۔
تازہ ترین