• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوازشریف، مریم کو ڈیل ملےگی نہ ڈھیل،واپس جیل جائیں گے، بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں ہوگی، وزیراطلاعات

اسلام آباد (طاہر خلیل)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ڈیل ہوگی نہ ڈھیل ہوگی،نوازشریف کو وہیں پہنچایا جائے گا جہاں وہ کچھ دن پہلے تھے۔ نواز شریف کی ضمانت ہوئی ہے، کیس ختم نہیں ہوا، میاں نوازشریف کا جیل آنا جانا لگارہے گا۔ اصل بات یہ ہے کہ وہ قوم کا پیسہ واپس لائیں ،ہماری کوئی ذاتی لڑائی نہیں یہ پیسہ پاکستان عوام کا ہے اور ہم اس پیسے کے کسٹوڈین ہیں انہوں نے کہا کہ جولوگ کہتے تھے کہ نواز شریف کا نام ای سی ایل میں کیوں ڈالا ان کی تسلی ہوگئی ہوگی ۔ اگر جیل سے رہائی کے بعد وہ کل لندن چلے جاتے تو ہم کہاں ڈھونڈتے کہ شہزادے کہاں چلے گئے۔ وزیراطلاعات نے واضح کیا کہ نہ تو نواز شریف اور مریم نواز کو باہر جانے دیں گے اور نہ ہی اسحٰق ڈار حسین اور حسن نواز کو باہر رہنے دیں گے انہیں واپس لائیں گے ۔جمعرات کو اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ نواز شریف اتنے اہم نہیں کہ سعودی عرب ان کے لئے بات کرے ،کسی ملک نے نواز شریف کو رعایت دینے کیلئے نہیں کہا ۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ نواز شریف خاندان سے ہماری کوئی ذاتی دشمنی تو نہیں، ہماری جائیدادوں پر انہوں نے قبضہ نہیں کیا۔فواد چوہدری نے مزید کہا کہ جو کہتے ہیں ڈیل ہوئی ہے وہ سعودی عرب اور نوازشریف کے تعلقات سےلاعلم ہیں، نوازشریف کے سعودی عرب سے معاملات کیسے ہیں، الزام لگانے والوں کو اندازہ ہی نہیں، سعودی عرب کے ولی عہد کرپشن کے خلاف تحریک کے سرخیل ہیں، تمام دنیا میں کرپشن کے خلاف تحریک چل رہی ہے، محمد بن سلمان کیسےکہہ سکتےہیں پاکستان میں کسی کرپٹ کو چھوڑ دیاجائے۔ان کا کہنا تھا کہ نیب آزاد ادارہ ہے ، اسے ہم کنٹرول نہیں کرتے جب کہ نوازشریف کی رہائی کے لیے کسی ملک نے نہیں کہا، پاکستان کی عدالتیں مکمل آزاد ہیں، سوال یہ ہے چھوٹےچور کے لیے علیحدہ اور بڑے چور کے لیے علیحدہ نظام ہے،بس اسے تبدیل کرنا پڑے گا۔ نواز شریف مقدمے میں جو خامیاں ہیں انہیں ختم کریں گے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نواز شریف کی ضمانت ہوئی ہے کیس ختم نہیں ہوا، دیکھ رہے ہیں نیب کی پراسیکیوشن میں کہاں خامیاں ہیں، نواز شریف مقدمے میں جو خامیاں ہیں انہیں ختم کریں گے، اہم بات یہ نہیں ہےکہ نواز شریف 6 مہینے سال ،2 یا 3سال جیل میں رہیں، اہم بات یہ ہے کہ جو خزانہ وہ لوٹ کر لے گئے اسے واپس لایا جائے۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ کی عجیب پالیسی ہے، فیصلے حق میں آئیں تو نظام ٹھیک ورنہ بکا ہوا ہے، پہلے فیصلہ کرلیں عدالتیں صحیح فیصلہ کررہی ہیں یا نہیں تاکہ آپ کو کنفیوژن نہ ہو۔انہوں نےکہا کہ ہم اسحاق ڈار، حسن نواز اور حسین نواز کو پاکستان سے باہر نہیں رہنے دیں گے، پاکستان اور برطانیہ میں تحویل مجرمان کے معاہدے سے اس اقدام کوتقویت ملے گی۔ نواز شریف اور دیگر لوگوں نے جو جائیدادیں باہر بنائیں انہیں پاکستان واپس لایاجائے گا، ان کے پاس پاکستان کے لوگوں کا پیسا ہے اور ہم پاکستان کے عوام کے پیسے کے امین ہیں، وزیراعظم کے خصوصی معاون کے طور پر شہزاد اکبر کو لوٹی ہوئی دولت لانے کا ٹاسک دیا ہے۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان حکومت کو بہت جلد سوئٹزر لینڈ میں موجود پاکستانیوں کے بینک اکائؤنٹس تک بہت جلد رسائی مل جائے گی، تب یہ معلوم ہوجائے گا کہ وہاں پاکستانیوں کے کتنے پیسے ہیں۔پاکستان، بھارت کے ساتھ معاشی تعلقات کا خواہشمند ہے فواد چوہدری نے پریس بریفنگ کے دوران بھارت سمیت ایران اور افغانستان کے ساتھ بہتر بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ معاشی تعلقات بڑھانے کا خواہاں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر بھارت کے ساتھ تجارت کی جائے اور پاکستان کے ذریعے افغانستان تجارت کا راستہ کھول دیا جائے تو اس کا براہِ راست اثر سی پیک پر پڑے گا اور یہ ایک ایسا منصوبہ ہے جو پاکستانیوں کی قسمت بدل دے گا۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کا حل عسکری نہیں بلکہ سیاسی نوعیت کا ہے اور اس پر مذاکرات ہونے چاہیئں جبکہ پاکستان مستحکم افغانستان کا خواہاں ہیں۔

تازہ ترین