• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

100 دن میں نئی حکومت کی قابلیت کا پتا چل جائیگا،طلال چوہدری

کراچی (ٹی وی رپورٹ) پی ٹی آئی کے رہنما عثمان ڈارنے کہا ہے کہ نواز شریف اور مریم سیاسی طور پر متحرک ہوتے ہیں تو اچھی بات ہے،وزیراعلیٰ پنجاب کا سپریم کورٹ میں پیش ہونا شرمندگی کا باعث نہیں ہے، زلفی بخاری کا اوورسیز کے حوالے سے ایکسپوژر بہت زبردست ہے۔ وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان محمد جنید سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں ن لیگ کے رہنما طلال چوہدری،پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ،سینئرتجزیہ کار ارشاد بھٹی اور سینئر تجزیہ کار مظہر عباس بھی شریک تھے۔طلال چوہدری نے کہا کہ سو دن میں نئی حکومت کی قابلیت کا پتا چل جائے گا، پی ٹی آئی حکومت کو مشکل وقت دینے کیلئے ان کے اپنے دعوے ہی کافی ہیں، ملک کو ٹیکس فری کرنے کے دعویدار روز نیا ٹیکس لگادیتے ہیں، فنڈ ریزنگ، گورنرہاؤسز کھولنے اور گاڑیاں بیچنا سیاسی شعبدہ بازی ہے،انتخابات میں دھاندلی پر پارلیمانی کمیشن بننے کے بعد ہی اسمبلی یا کوئی کمیٹی چل سکے گی، بنی گالہ میں صرف نکاح خواں اور شیرو کو عہدے نہیں ملے، ان دونوں کو بھی سرکاری عہدے دینے کا مطالبہ کرتے ہیں۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ نواز شریف اور مریم نواز کی رہائی سے ن لیگ کا مورال بلند ہوگا، پی ٹی آئی حکومت کی کارکردگی کا دو سال بعد جائزہ لیں گے۔مظہر عباس نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نان ٹیکس فائلرز کو ریلیف دے کر ٹیکس نیٹ بڑھانے کے اپنے موقف کی نفی کررہی ہے۔ارشاد بھٹی نے کہا کہ ن لیگ کے تمام فیصلے پہلے بھی نواز شریف کررہے تھے اب بھی وہی کریں گے، عمران خان کو زلفی بخاری کو اوورسیز کا وزیرمملکت بنانے کی کیا ضرورت تھی۔عثمان ڈار نےکہا کہ نواز شریف اور مریم سیاسی طور پر متحرک ہوتے ہیں تو اچھی بات ہے،نواز شریف نے عدالتوں کے فیصلوں پر ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ دیا تھا، اب انہی عدالتوں سے انہیں ریلیف مل رہا ہے اس لئے اپنا بیانیہ واپس لیں، نواز شریف کو اداروں کی بے توقیری کرنے پر شرمندہ ہونا چاہئے، ن لیگ تیس پینتیس سال میں کچھ نہیں کرسکی پی ٹی آئی سے پچیس دنوں کی کارکردگی پوچھ رہی ہے، سو دن میں تمام اعداد و شمار اور پالیسیاں پارلیمنٹ اور قوم کے سامنے رکھ دیں گے۔ عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا سپریم کورٹ میں پیش ہونا شرمندگی کا باعث نہیں ہے، ڈی پی او پاکپتن کا معاملہ عدالت میں واضح ہوجائے گا، خیبرپختونخوا میں پولیس کو غیرسیاسی بنا کر دکھایا ہے، زلفی بخاری کا اوورسیز کے حوالے سے ایکسپوژر بہت زبردست ہے، زلفی بخاری کیخلاف نیب نے کوئی ریفرنس دائر نہیں کیا، منی بجٹ سے حکومت کی معاشی سمت کا تعین نہیں کیا جاسکتا ہے، بھاشا ڈیم کا منصوبہ ایک بلین ڈالر سے چودہ بلین ڈالر تک پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی وجہ سے پہنچا ہے۔طلال چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کو مشکل وقت دینے کیلئے ان کے اپنے دعوے ہی کافی ہیں، نئی حکومت کا منی بجٹ ٹیکسوں سے بھرا پڑا ہے، تحریک انصاف مخصوص حالات اور کھوکھلے نعروں پر حکومت میں آئی ہے، سو دن میں نئی حکومت کی قابلیت کا پتا چل جائے گا، قوم کو ڈاج کرتے ہوئے پی ٹی آئی کو ملکی معیشت کا کیا علم نہیں تھا، ن لیگ نے لوڈشیڈنگ اور دہشتگردی ختم کر کے پی ٹی آئی کو حکومت دی، ملک کو ٹیکس فری کرنے کے دعویدار روز نیا ٹیکس لگادیتے ہیں، ہمیں انڈیا دوستی کا طعنہ دینے والے بھارت سے مذاکرات کی بھیک مانگ رہے ہیں، یہ کلبھوشن کو پھانسی دینے کا مطالبہ کرتے تھے اب اسے واپس دینے کا کہہ رہے ہیں۔طلال چوہدری کاکہنا تھا کہ عمران خان نے زلفی بخاری کو وزیرمملکت بنا کر ایک کروڑ نوکریوں میں سے پہلی نوکری دے کر اپنا وعدہ نبھایا ہے، عمران خان پر پی ٹی آئی کیلئے بیرون ملک سے آنے والے فنڈز کے غلط استعمال کا کیس الیکشن کمیشن میں چل رہا ہے، ڈیم کیلئے فنڈ ریزنگ، گورنرہاؤسز کھولنے اور وزیراعظم ہاؤس کی گاڑیاں بیچنا سیاسی شعبدہ بازی ہے۔طلال چوہدری نے کہا کہ ن لیگ پارلیمنٹ میں ایشوز کی سیاست کرے گی، انتخابات میں دھاندلی پر اپوزیشن کی سربراہی میں پارلیمانی کمیشن بننے کے بعد ہی اسمبلی یا کوئی کمیٹی چل سکے گی، عمران خان نے لوگوں سے جو جھوٹ بولے ان کا اعتراف کریں، بنی گالہ میں صرف نکاح خواں اور شیرو کو عہدے نہیں ملے، ان دونوں کو بھی سرکاری عہدے دینے کا مطالبہ کرتے ہیں۔مظہر عباس نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کو بڑے دعوے کرنے سے گریز کرنا چاہئے، عمران خان نے کراچی میں آکر افغان مہاجرین اور بنگالیوں کو شہریت دینے سے متعلق بات کردی، عمران خان کوا ندازہ ہوتا کہ یہ معاملہ سندھ خاص طور پر کراچی میں کتنا حساس ہے تو شاید وہ ایسی بات نہیں کرتے، پی ٹی آئی حکومت نان ٹیکس فائلرز کو ریلیف دے کر ٹیکس نیٹ بڑھانے کے اپنے موقف کی نفی کررہی ہے، پٹرول ، گیس یا سی این جی کی قیمتیں بڑھنے سے عام آدمی پر براہ راست اثر پڑتا ہے۔ارشاد بھٹی نے کہا کہ ن لیگ کے تمام فیصلے پہلے بھی نواز شریف کررہے تھے اب بھی وہی کریں گے،عمران خان کو زلفی بخاری کو اوورسیز کا وزیرمملکت بنانے کی کیا ضرورت تھی، زلفی بخاری کا نام ای سی ایل میں ہے اوورسیز کا وزیرمملکت باہر نہیں جاسکے گا تو کیاہوگا، بیرون ملک سفر کیلئے خصوصی طیارے کے استعمال کے مخالف عمران خان پہلے غیرملکی دورے میں ہی خصوصی طیارہ لے گئے، عمران خان نے افغانیوں اور بنگالیوں کو شہریت دینے کی بات دے کر خوامخواہ ایک ایشو کھڑا کردیا۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ نواز شریف اور مریم نواز کی رہائی سے ن لیگ کا مورال بلند ہوگا، اعلیٰ عدالتوں میں کسی کیس کی اپیل عموماً نچلی عدالت کے فیصلے کو معطل کر کے سنی جاتی ہے، پی ٹی آئی حکومت کی کارکردگی کا دو سال بعد جائزہ لیں گے، دوسروں پر تنقید کرنے والے عمران خان کی اپنی ٹیم کے لوگوں پر نیب کی انکوائریاں ہیں، نیب زلفی بخاری کی انکوائری کررہا ہے تو کوئی تو وجہ ہوگی، نیب انکوائری پر علیم خان کو وزیراعلیٰ پنجاب نہیں بنایا لیکن سینئر وزیر بنا کر پنجاب پر مسلط کردیا گیا۔قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کوئی بھی ڈیم یا فنڈ ریزنگ کی مخالفت نہیں کررہا ہے، ڈیم کیلئے فنڈ ریزنگ کے علاوہ دیگر ذرائع بھی اختیار کیے جائیں۔ 
تازہ ترین