• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسوۂ حسینی پر عمل کا عہد کریں، دہشت گردی، عدم برداشت کو ختم کرنا ہوگا

اسلام آباد ( نمائندہ جنگ ،ایجنسیاں) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی ، وزیر اعظم عمران خان اورسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر نے کہاہے واقعہ کربلا ہمیں اعلیٰ مقاصد کے حصول کی خاطر ایثار وقربانی کا درس دیتا ہے،یوم عاشورپر اسوہ شبیری پر عملدرآمد سے احترام انسانیت، جمہوریت کی بقا اور اسلامی اقدار کو فروغ ملے گاآج کے دن عہدکرتے ہیں کہ دہشتگردی ، انتہا پسندی اور عدم برادشت کاقلع قمع کرنے کیلئے دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے ،رواداری ، حق وانصاف کے فروغ، بھائی چارہ اور امن و عامہ کیلئے اپنا کردارادا کرتے رہیں گے،ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا یومِ عاشورہ ہمیں شہداء کربلا کی ان عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو اُنہوں نے حق کی سربلندی اوردین محمدی کی بقاء کیلئے پیش کیں، شہادت امام حسینؓ کا عظیم واقعہ ہرسال مسلمانوں کو اس بات کی یاد دلاتا ہے کہ جبرواستبدادکی طاقتوں کا قلع قمع کرنے کیلئے جان کا نذرانہ پیش کرنے سے بھی دریغ نہیں کرنا چاہئے یہ وہ دن ہے جب حق وباطل کی جنگ میں نواسئہ رسولﷺ نے اپنی اور خانوادہ رسول ﷺ کی جانوں کی عظیم قربانی دی اور اپنی شہادت سے سانحہ کربلاکے سبق کو عالمِ انسانیت کیلئے بالعموم اور عالمِ اسلام کیلئے بالخصوص مشعل راہ بنادیا، واقعہ کربلا ہمیں اعلیٰ مقاصد کے حصول کی خاطر ایثار وقربانی کا درس دیتا ہے ، وزیر اعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہاآج کا دن ہمیں اس عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہے جو نواسہ رسول حضرت امام حسین اور انکے ساتھیوں نے دین کی حفاظت و حرمت کیلئے پیش کی، استقامت حق کا حصول ہی وہ مشن ہے جس کیلئے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہیے یہی وہ عمل ہے جسے امام حسین کے حوالے سے تاریخ نے اسوہ شبیری کے نام سے موسوم کیا ہے جس میں ہمیں حق کی سربلندی کیلئے ڈٹ جانے کا پیغام ملتا ہے، وطن عزیز کے حالات کو دیکھتے ہوئے آج ہمیں متحد و منظم ہونے اور ایثار وقربانی کے جذبے کو فروغ دینے کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے تاکہ جہاں ہم دشمنان ملک و ملت کے نا پاک عزائم کو شکست دے سکیں وہاں ملک و قوم کی بہتری کیلئے عملی اقدامات اٹھانے میں ثابت قدم رہ سکیں، یہی وقت کی ضرورت ہے اور اسی میں ہم سب کی بقا ہے،سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اپنے پیغام میں کہا ہے اسوہ شبیری پر عمل کرتے ہوئے باہمی اختلافات، تنگ نظری اور فرقہ واریت کو بھلا کر اتحاد اور بھائی چارے کے فروغ کے ذریعے تمام مشکلات پر قابو پا سکتے ہیں، حضرت امام حسین ؓ اورانکے ساتھی قرآنی تعلیمات ،برداشت، قربانی اور جذبہ شہادت کی ایک لازوال مثال ہیں، واقعہ کربلا اللہ تعالی اور یوم آخرت پرغیر متزلزل ایمان ، بے مثال تقویٰ ، بہادری ،اللہ کی راہ میں صبر اور قرآن مجید میں بیان شہادت کے جذبے کا بہترین نمونہ ہے،بحیثیت مسلمان ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ان طاغوتی قوتوں کے سامنے ڈٹ کر کھڑے ہو جائیں جو اپنے مذموم مقاصد کے حصول کیلئے معاشرہ میں انتشار پھیلارہی ہیں شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم انسانیت کی بھلائی اور ملکی تعمیر و تر قی کیلئے خود کو وقف کر دیں،ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے کہا یوم عاشورہ کا معرکہ مسلمانوں کو حق وسچ کیلئے باطل قوتوں کے سامنے سینہ سپر ہونے کا درس دیتا ہے ،یہی وہ راستہ ہے جس پر حضرت محمد ﷺ نے ہمیں عمل پیرا ہونے کا درس دیا ہے اور جس کیلئے حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ اور انکے ساتھیوں نے بے مثال قربانیاں پیش کیں۔
تازہ ترین