• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گورنرسندھ کی امل کے گھر آمد،لواحقین سے اظہار افسوس،فاتحہ خوانی کی

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ عمران اسماعیل گزشتہ روز ڈیفنس ہائوسنگ اتھارٹی کے رہائشی عمر عادل کے گھر گئے اور کورنگی روڈ سگنل کے قریب ڈکیتی کی واردات کے دوران فائرنگ سے امل کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے فاتحہ خوانی بھی کی ۔ گورنرسندھ نے مقتول امل کے لواحقین کو یقین دلایا کہ اس واقعہ میں ملوث مجرموں کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا اس ضمن میں متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کردی گئی ہیں ۔ امل کے لواحقین نے گھر آمد اور تعزیت کرنے پر گورنرسندھ کا شکریہ ادا کیا ۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ افسوسناک واقعہ رونما ہوا تھا جس پر مجھے بے حد افسوس ہے،واقعہ کے فوری بعد میری اہلیہ نے بھی متاثرہ خاندان سے تعزیت کی تھی اس واقعہ سے متعلق نئے آئی جی سندھ سے بھی تفصیلی بات ہوئی ہے جس پر آئی جی سندھ نے کچھ دن کا وقت مانگا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجرموں کی گرفتاری کے لئے ایک مکینزم بنانے کی اشد ضرورت ہے ،ملک کے سب سے بڑے شہر میں دنیا کے دیگر جدید شہروں کی طرح ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ پولیس میں بھی مزید ریفارمز کی بھی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس سپریم کورٹ نے واقعہ کا نوٹس لیا ہے، امید ہے حقائق سامنے آئیں گے۔
تازہ ترین