• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حضرت امام حسین ؓ ملت کےبہت بڑے محسن ہیں،امام حسین ؓ کانفرنس

لاہور(نمائندہ جنگ) تحریک لبیک یا رسول اللہ ،تحریک صراطِ مستقیم،تحریک لبیک اسلام کے زیر اہتما م مرکز صراط مستقیم تاج باغ لاہور میں سالانہ مرکزی فکر امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ تحریک لبیک یارسول اللہ ،تحریک لبیک اسلام کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا سید الشہداء امام حسین ؓ کی یہ تاریخی فتح ہے کہ ہمیشہ کیلئے باطل کے خلاف حق پرستوں کی جدو جہد کو حسینت کہا جاتا ہے ۔انہوں نے کہا امام عالی مقام سیدنا امام حسین ؓ خوشبو ئے رسول اور غلبہ دین کا اصول تھے ۔تربیت مصطفیٰ اور آغوش مرتضیٰ ؓ نے آپ کی شخصیت چمکانے میں اہم کردار ادا کیا۔ آپ حد درجہ کے ذہین، قرآنی اسرارو رموز کے ماہر، نابغہ روز گار، محدث، صف شکن مجاہد اور بصیرت و فراست کے شاہکار قائد تھے ۔آپ زہد و تقویٰ کی دستار اور ولایت و معرفت کا معیار تھے ، دین کو بحفاظت آئندہ نسلوں تک پہنچانے کے لحاظ سے آپ ملت کے بہت بڑے محسن ہیں ۔ تحریک صراط مستقیم لاہور کے امیر مولانا محمد صدیق مصحفی نے کہا حسینیت قیامت تک نیا رنگ دکھاتی رہے گی اور مولانا محمد فیاض جلالی نے کہا کہ حق کے علمبراد ہمیشہ راہ کربلا کے مسافر رہیں گے ۔کانفرنس میں علامہ محمد طاہر نواز قادری،علامہ محمدفرمان جلالی،علامہ محمدرضاالمصطفی رازی خصوصی طور پر شریک ہوئے۔کانفرنس کے آخرمیں تمام شہداء کربلا کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور انکی ارواح کو ایصال ثواب بھی کیا گیا۔
تازہ ترین