• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جدید ٹیکنالوجی نے دماغ کی چھوٹی رسولیوں کا علاج بہتر بنادیا،طبی ماہرین

لاہور(خصوصی نمائندہ) میڈیکل سائنس نے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے دماغ کی چھوٹی رسولیوں کا علاج اور مینجمنٹ پہلے سے کہیں زیادہ بہتر انداز میں ممکن بنا دیا جس کی بدولت آپریشن کے بعد مریض زیادہ دیر تک صحت مند زندگی گزارنے کے قابل ہو جاتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار برطانیہ سے آئے ہوئے نیورو سرجن ومانچسٹر یونیورسٹی کے لیکچرر ڈاکٹر شفقت بخاری نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز لاہور جنرل ہسپتال میں تربیتی ورکشاپ کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پروفیسر رضوان مسعود بٹ، پروفیسر خالد محمود سمیت نیورو سرجری کے تینوں یونٹس کے ڈاکٹرز موجود تھے۔پروفیسر آف نیوروسرجری ڈاکٹر خالد محمود نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میں طب کے میدان میں بہت ترقی ہوئی اور تیسری دنیا کے ممالک میں امریکہ ، برطانیہ اور دیگر ترقی یافتہ ملکوں میں ہونے والی جدید ایجادات اور میڈیکل ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کرنے کے لئے مستقل بنیادوں پر میکنیزم ڈویلپ کرنے کی ضرورت ہے - اس مقصد کیلئے نوجوان ڈاکٹروں کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے تا کہ وہ عصر حاضر کے تقاضوں اور مریضوں کی ضروریات کے مطابق اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو اجاگر کر سکیں -نیورو سرجی یونٹ IIکے سربراہ خالد محمود کا کہنا تھا کہ سائنس کی ترقی کے ساتھ روز بروزبیماریوں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے جو طب کے شعبہ سے وابستہ ماہرین کیلئے ایک بڑا چیلنج ہے جس سے نمٹنے کے لئے ڈاکٹروں کو اپنی تعلیم اور تجربے کو وسعت دینا ہو گی- طبی ماہرین نے مزید کہا کہ برین ٹیومر مریض کی زندگی کیلئے انتہائی خطرناک علامت کے طور پر لیا جاتا ہے اور عام طور پر یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ دماغی رسولی کے مریض کی زندگی مختصر ہوتی ہے تا ہم طب کے میدان میں حیرت انگیز ترقی اور سرجری میں جدت آنے سے اب برین ٹیومر کے مریض آپریشن کے بعد طویل عرصہ تک زندہ رہ سکتے ہیں جو ایسے مریضوں کے لئے بڑی خوشخبری ہے -پرنسپل امیرالدین میڈیکل کالج و ایل جی ایچ پرفیسر محمد طیب نے برطانوی نیورو سرجن ڈاکٹر شفقت بخاری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک کے ماہرین کا پاکستان آکر ڈاکٹرز کو اپنے تجربات اور علم کی روشنی میں آگاہی فراہم کر کے نادر موقع دیا جس سے مقامی سرجن کو بھرپور استفادہ کرنا چاہیے -ڈاکٹر شفقت بخاری نے کہا کہ پاکستانی ڈاکٹرزباصلاحیت ہیں اور اپنی پیشہ وارانہ قابلیت کی بنیاد پر دنیا بھر میں دکھی انسانیت کی خدمت کر رہے ہیں - انہوںنے کہا کہ جب بھی مجھے لاہور جنرل ہسپتال کے ڈاکٹروں نےدعوت دی تو وہ انہیںمایوس نہیں کرینگے۔ بلکہ اپنے نالج سے نوجوان ڈاکٹرز کو مستفید کرنے سے انہیں خوشی محسوس ہوگی۔
تازہ ترین