• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مرکزی جلوس کی سکیورٹی کوفول پروف بنایاجائیگا،کمشنر

لاہور(خصوصی رپورٹر)کمشنر لاہور ڈویژن ڈاکٹر مجتبی پراچہ نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے مرکزی جلوس کی سکیورٹی کو فول پروف بنایا جائے گا،انہوں نے کہا کہ میونسپل انتظامات کو مزید یقینی بنانے کیلئے کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے۔مرکزی جلوس کی سی سی ٹی وی کیمروںاور موبائل گاڑیوں پر نصب کیمروں کی مدد سے مانیٹر کیا جائے گا۔مرکزی جلوس کے منتظمین نے سکیورٹی و دیگر انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ ضلعی سطح پر کنٹرول روم سے تمام متعلقہ محکمے ہائی الرٹ پر رہیں گے۔ حکومت پنجاب محرم جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے مکمل پر عزم ہے۔ضلع،ڈویژن اور صوبہ سطح سے تمام جلوسوں کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار کمشنر لاہور ڈاکٹر مجتبی پراچہ نے لاہور کے مرکزی جلوس کے روٹ کے دورہ کے دوران کیا۔ کمشنر لاہور نے موچی دروازہ، مسجد وزیر خان تا کربلا گامے شاہ کا دورہ کیا۔کمشنر لاہور کے ہمراہ پولیس،ریسکیو 1122، لیسکو، سول ڈیفنس و دیگر افسران بھی موجود تھے۔مرکزی جلوس کے منتظمین آغا شاہ حسین شاہ، بشارت کربلائی، بابا توقیر و دیگر بھی ہمراہ تھے۔ بعدازاں کمشنر لاہور ڈویژن ڈاکٹر مجتبی پراچہ نے قصور شہر کے 10 محرم کے مرکزی جلوس کے روٹ کا دورہ بھی کیا۔ کمشنر لاہورڈاکٹر مجتبی پراچہ کو فول پروف سکیورٹی اقدامات کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔کمشنر لاہور نے دورے کے دوران میونسپل انتظامات، صفائی اور روٹ کلیرنس کو چیک کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی جلوس سعادت منزل تا امام بارگاہ حسینیہ قصور کو مرکزی ضلعی کنٹرول روم سے مانیٹر کیا جائے گا۔ضلع قصور کے6 اہم جلوسوں کو سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹر کیا جائے گا۔ لاہور ڈویژن سمیت پورے پنجاب میں حکومت پنجاب محرم جلوسوں کی سکیورٹی کی خود بھی نگرانی کر رہی ہے۔ کمشنر لاہور کے ہمراہ ڈی سی قصور رانا ارشد، ڈی پی او قصورو دیگر افسران بھی موجود تھے۔ کمشنر لاہور کے دورہ کے دوران ضلع قصور کے مرکزی جلوس کے منتظمین اور لائسنس ہولڈرز و دیگر بھی ہمراہ تھے۔
تازہ ترین