• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوم عاشور پر سکیورٹی کے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں،راشد حفیظ

راولپنڈی (خصوصی نمائندہ ) پنجاب کے وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے یوم عاشور کے موقع پر سکیورٹی کے بہترین انتظامات کئے ہیں جن کو کامیاب بنانے میں عوام کا بھی اہم کردار ہے ۔ نواسہ ء رسول ﷺ سے محبت کرنے والے تمام مسلمان محبت اور عقیدت کے زبانی اظہار کے ساتھ ساتھ کربلا میں جس مقصد کیلئے پاک خون بہایا گیا اس مقصد یعنی حق اور سچ کی سر بلندی کیلئے عمل بھی کریں تاکہ ہمارا معاشرہ قولی اور فعلی دونوں اعتبار سے نبی کریم ﷺ اور اہل بیت کے ساتھ عقیدت و محبت اور احترام کا نقشہ پیش کر سکے ۔ ہمیں اس موقع پر اپنے چھوٹے چھوٹے فقہی اختلافات کو بھلا کر یک جان اور متحد ہو کر اسلام کے نام پر بننے والی مملکت خداداد پاکستان کی خدمت کرنی چائییے ۔ انہوں نے یہ بات معززین کے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ شہدائے کربلا کے ساتھ ہماری وابستگی ، عقیدت اور محبت محض قولی نہیں بلکہ عملی ہونی چاہیئے اور اس کی عملی صورت یہی ہے کہ جھوٹ ، مکر و فریب اور دھوکہ دہی کے خلاف جہاد کرتے ہوئے ہمیں ہر صورت سچ کا علم بلند کرنا چاہیئے ۔ انہو ں نے کہا کہ پاکستان کے پاس وسائل کی کوئی کمی نہیں مگر اس کے باوجود اسلامی تعلیمات سے رو گردانی اور وسائل کی لوٹ مار کے باعث ہم بہت پیچھے ہیں ۔ موجودہ حکومت ملک کو درپیش سب سے بڑے اور اہم مسئلے یعنی ڈیموں کی تعمیر پر فوکس کر رہی ہے اور ہر پاکستانی شہری ، جو شعور و ادراک رکھتا ہے وہ ان ڈیموں کی ضرورت و اہمیت سے واقف ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ یہ کسی مخصوص پارٹی یا افراد کیلئے نہیں بلکہ پورے ملک کیلئے ہونگے اس لئے ہر پاکستانی کو اپنی استطاعت کے مطابق ان کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈالنا اور ان کی حمایت کرنی چاہیئے۔ راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ ہمیں آج کے دن عہد کرنا چاہیئے کہ سچائی کی سربلندی کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور شہدائے کربلا نے اپنے مقدس خون کی قربانی دے کر ہمارے لئے رہتی دنیا تک جو نقش قدم چھوڑا ہے اس پر چلیں گے ۔
تازہ ترین