• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پلاؤ کی خوشبو اور لذیذ ذائقہ اسے بریانی سے منفرد بناتا ہے۔جب گھروں میں پلاؤ بنتا ہے تو اس کی خوشبو گھروالوں کی بھوک میں مزید اضافہ کر دیتی ہے۔بریانی مصالحہ دار چٹ پٹی ہوتی ہے جبکہ پلاؤ میں تیز مرچ نہیں ہوتی ۔پلاؤ یخنی سے تیار کئے جاتے ہیں۔اس کی کئی اقسام ہیں طرح طرح کے لذیذ پلاؤ مختلف گوشت ڈال کر بنائے جاتے ہیں۔طرح طرح کے پلاؤ باآسانی خواتین گھر میں بنا سکتی ہیں۔چاہے دعوت ہو یا کوئی تقریب یا پھر یوں ہی گھر میں سب کا موڈ کچھ اچھا کھانے کا ہو تو لذیذ پلاؤ بنائے جا سکتے ہیں۔پلاؤ کے ساتھ رائتہ ،سلاد اور کباب بھی سرو کیے جاسکتے ہیں۔طرح طرح کے ذائقے سے بھرپور پلاؤ کی تراکیب ملاحظہ فرمائیں۔

کشمیری چکن پلاؤ

اجزاء۔

چاول۔ دو کپ

مرغی۔ پانچ سو گرام

نمک۔ حسب ذائقہ

دہی۔ ایک کپ

لال مرچ پاؤڈر۔ ایک کھانے کا چمچ

دھنیا پاؤڈر۔ایک کھانے کے چمچ

کالی مرچ پاؤڈر۔ ایک کھانے کا چمچ

گھی ۔حسب ضرورت

ہری الائچی۔ چار عدد

لونگ ۔چھ عدد

دار چینی ۔چار عدد

زیرہ ۔دو کھانے کے چمچ

لہسن کے جوئے۔ پانچ عدد (باریک کٹا ہوا)

ادرک۔ کٹا ہوا

ہری مرچ ۔چار عدد (کٹی ہوئی)

کشمش ۔پانچ عدد

پیاز ۔دو عدد

پانی۔ اڑھائی کپ

ترکیب۔

سب سے پہلے چاولوں کو دھو کر بیس منٹ کیلئے بھگو لیں۔

اس کے بعد مرغی کو دھوکر اس پر نمک لگا دیں۔

اس کے بعد الگ سے دہی میں نمک، لال مرچ پاؤڈر، دھنیا پاؤڈر اور کالی مرچ شامل کرنے کے بعد دہی کو اچھی طرح پھینٹ لیں اور ایک طرف رکھ دیں۔

اب ایک پتیلی میں گھی ڈال کر گرم کریں اور اس میں ہری الائچی، لونگ، دار چینی اور زیرہ فرائی کر لیں۔

پھر پیاز شامل کرکے ہلکا براؤن کر لیں۔

اب لہسن کے جوئے اور ادرک شامل کرکے اسے ہلکا سا فرائی کریں۔

اس کے بعد ہری مرچ ڈال دیں۔

پھر پھینٹا ہوا دہی شامل کرکے اسے ہلائیں اور دو منٹ تک پکائیں جب تک تیل اوپر نہ آجائے پھر مرغی اور نمک شامل کرکے پانچ سے سات منٹ تک تیز آنچ پر پکائیں۔

پھر اس میں کشمش شامل کرکے اسے تھوڑا سا پکائیں۔

اب اڑھائی کپ پانی شامل کرکے چاول ڈال دیں اور آنچ تیز کرکے ڈھک کر پکنے دیں۔

جب پانی خشک ہو جائے تو اس کو دم پر رکھ دیں۔

پلاؤ پک جائے تو رائتہ کے ساتھ پیش کریں۔

مٹن زعفرانی پلاؤ

اجزاء۔

بکرے کا گوشت۔ ایک کلو (بون لیس)

بڑی الائچی ۔دو عدد

ثابت گرم مصالحہ ۔ایک چائے کا چمچ

لہسن، ادرک پیسٹ۔ دو چائے کے چمچ

نمک ۔حسب ذائقہ

تیل۔ ایک کپ

چھوٹی الائچی۔ تین عدد

کھویا ۔ایک کلو

چاول۔1 کلو

چینی۔ تین کھانے کے چمچ

دودھ۔ دو کھانے کے چمچ(دودھ میں زعفران بھگو دیں )

زعفران۔ ایک چائے کا چمچ

انڈا (ابلا ہوا)۔ ایک عدد

میوہ ۔حسب ضرورت (کاجو، کشمش ، بادام)

جائفل، جاوتری۔1 چائے کا چمچ

ترکیب۔

1۔گوشت میں تھوڑا پانی، الائچی، ثابت گرم مصالحہ، لہسن، ادرک پیسٹ اور نمک ڈال کر گوشت گلا لیں۔

2۔گوشت الگ کر لیں اور یخنی الگ کر لیں۔

3۔ آدھی یخنی میں چاول نمک ڈال کر ابال لیں۔

4۔ایک پتیلی میںتیل گرم کر کے اس میں چھوٹی الائچی ڈالیں،پھر یخنی سے گوشت نکال کر ڈالیں اور فرائی کرلیں۔

5۔بچی ہوئی بقیہ یخنی ڈالیںچاول، چینی، زعفران والا دودھ، جائفل، جاوتری ڈالیں مکس کر کے میوہ اور ابلاہوا انڈا ڈال دیں۔پھر دم پر رکھ دیں۔

6۔تیار ہونے پرکھویا چھڑک کر سرو کریں۔

پنجابی یخنی پلاؤ

اجزاء۔

چاول ۔تین سو گرام (بھیگے ہوئے)

چکن ۔آدھا کلو ﴿لیگ پیس

پیاز ۔دو عدد

تیل۔ ایک پیالی

سونف۔ ایک کھانے کا چمچ ﴿ثابت

دھنیا۔ ایک کھانے کا چمچ ﴿ثابت

سونٹھ۔ ایک درمیانہ ٹکڑا

بڑی الائچی۔ چار سے پانچ عدد

تیز پتے۔ دو عدد

لونگ۔ ایک چائے کا چمچ

دار چینی ۔دوٹکڑے

ہری مرچ۔ چار سے پانچ عدد (درمیان سے کٹی ہوئی)

نمک۔ حسب ذائقہ

دہی ۔آدھا پاؤ

چکن کی یخنی۔ سوا سے ڈیڑھ گلاس

آلو بخارے۔ایک سو گرام

ٹماٹر ۔دو عدد ﴿(کیوبز کیے ہوئے)

ململ کا کپڑا ۔ایک ٹکڑا

ترکیب۔

پہلے پیاز کو باریک سلائس کرکے تیل کے ساتھ پکنے کے لیے چھوڑ دیں۔

ململ کے کپڑے میں سونف، دھنیا اور سونٹھ باندھ کر پیاز کے ساتھ شامل کر دیں۔

جیسے جیسے پیاز پکتی جائے اس میں بڑی الائچی، تیز پتے، لونگ اور دار چینی شامل کر دیں۔

جب پیاز تھوڑی گولڈن ہونے لگے تو اس میں چکن بھی شامل کرکے اتنا بھونیں کہ چکن پر اچھا سا رنگ آجائے۔

پھر ہری مرچ، نمک، دہی اور یخنی شامل کر دیں۔

جب یخنی پکنا شروع ہو جائے تو اس میں آلو بخارے، ٹماٹر اور چاول شامل کر دیں۔

جب چاولوں میں کنی بننے کا عمل شروع ہو جائے تو چیک کر لیں کہ یخنی میں ببلز ہیں، ورنہ تھوڑا سا یخنی کا اضافہ اور کر دیں۔

اب اسے مکس کرکے آٹھ سے دس منٹ کا دَم دے دیں۔

مزیدار پنجابی یخنی پلاؤ تیار ہے۔

باربی کیو سیخ کباب پلاؤ

اجزاء۔

قیمہ۔2/1کلو

براؤن پیاز پیسٹ ۔2کھانے کے چمچ

نمک۔حسب ذائقہ

ادرک پیسٹ۔1چائے کا چمچ

ہرادھنیا۔2/1کپ

ہری مرچ ۔3عدد

بیسن۔3کھانے کا چمچ

زیرہ (کُٹا ہوا )۔1چائے کا چمچ

تیل۔ حسبِ ضرورت

چاول (بھگودیں )۔2/1کلو

پودینہ۔2/1کپ

ہری مرچ ۔5-4عدد

پیاز (سلائس کرلیں )۔2عدد

زیرہ ۔1چائے کا چمچ

لونگ ۔4عدد

سیاہ مرچ ۔8عدد

دارچینی ۔1انچ کا ٹکڑا

جائفل جاوتری4/1چائے کا چمچ

لہسن ادرک پیسٹ ۔1کھانے کاچمچ

دہی۔2/1کپ

زردے کارنگ ۔1چٹکی

دودھ۔4/1کپ

تیل۔2/1کپ

یخنی۔حسبِ ضرورت

ترکیب۔

قیمہ میں تمام مصالحہ ڈال کر چوپر میں پیس لیں اور دو‘ تین انچ کے کباب سیخوں پر لگادیں اور باربی کیوکریں ۔تھوڑے تیل کا برش کریں ۔سینک کر اُتارلیں ۔

چاول بنانے کے لیے

دیگچی میں تیل گرم کرکے پیاز فرائی کریں لائیٹ گولڈن ہوتو تھوڑی نکال لیں ۔زیرہ، لونگ، سیاہ مرچ، دار چینی اور لہسن ادرک ڈال کر فرائی کر یں ۔دہی جائفل جاوتری ڈال کر فرائی کریں۔یخنی چاول اورنمک ڈال کر پکائیں ۔یخنی خشک ہوجائے تو چاولوں پر زردے کا رنگ دودھ میں مکس کرکے ڈالیں پھربراؤن پیاز، باربی کیو کباب ،پودینہ، ہری مرچ ڈال کر دم پر رکھیں ۔رائتہ سلاد کے ساتھ سرو کریں۔

فش پلاؤ

اجزاء۔

سرمئی فش۔ آدھا کلو

چاول ۔تین سو گرام (بھیگے ہوئے)

ادرک لہسن کا پیسٹ۔ ایک کھانے کا چمچ

گرم مصالحہ۔ ایک چائے کا چمچ (پسا ہوا)

ہلدی۔ ایک چائے کا چمچ

نمک۔ حسب ذائقہ

تیل۔ حسب ضرورت

گھی۔ آدھا کپ

پیاز۔ دو عدد

گرم مصالحہ ۔حسب ضرورت (ثابت)

ہری مرچ ۔چار سے پانچ عدد

کڑی پتے۔ دس سے بارہ عدد

سفید زیرہ۔ایک چائے کا چمچ

کالا زیرہ۔ ایک چائے کا چمچ

ٹماٹر۔ دو عدد (اُبلے چھوٹے کٹے ہوئے)

ترکیب۔

پہلے مچھلی کے چھوٹے پیسز کاٹ لیں۔

پھر ان میں ادرک لہسن کا پیسٹ، پسا گرم مصالحہ، ہلدی اور تھوڑا سا نمک لگاکر میری نیٹ کر لیں۔

اب انھیں تھوڑے سے تیل میں شیلو فرائی کرکے ایک طرف رکھ دیں۔

پھر ایک پین میں گھی گرم کرکے پیاز، ثابت گرم مصالحہ، ہری مرچ، کڑی پتے، سفید زیرہ اور کالا زیرہ شامل کرکے ایک سے دو منٹ تک بھونیں۔

پھر اس میں سوا سے ڈیڑھ گلاس تک پانی شامل کریں۔

جب پانی گرم ہو جائے تو بھیگے ہوئے چاول شامل کر دیں۔

جب چاول پھول کر اوپر آنے لگیں تو اس میں ٹماٹر اور فرائی کی ہوئی مچھلی شامل کرکے مکس کریں اور آٹھ سے دس منٹ کا دم دے دیں۔

تیار ہونے پر گرم گرم نکال کر سرو کریں۔

چٹ پٹی چٹنی روسٹ پلاؤ

اجزاء۔

چکن۔ ایک کلو

چاول ۔آدھا کلو

تیل۔ دو سے تین کھانے کے چمچ

تیل۔ آدھا کپ

پیاز۔ آدھا کپ (تلی ہوئی)

گرم مصالحہ۔ ایک کھانے کا چمچ (ثابت)

زیرہ ۔ایک چائے کا چمچ

تیز پتہ۔ دو عدد

ہری الائچی ۔چار سے پانچ عدد (ثابت)

ادرک لہسن کا پیسٹ۔ ایک چائے کا چمچ

چکن کیوبز۔ تین عدد

نمک۔حسب ذائقہ

انڈے۔ پانچ عدد (ابلے ہوئے)

فرنچ فرائز ۔گارنش کے لئے

چٹ پٹی چٹنی کے لئے:

ہرا دھنیا۔ ایک گٹھی

پودینہ۔ آدھی گٹھی

ہری مرچ۔ چار عدد

کیری۔ ایک کپ (کیوبز میں کٹی ہوئی)

ادرک لہسن کا پیسٹ۔ ایک کھانے کا چمچ

زیرہ ۔ایک چائے کا چمچ

نمک۔ ایک چائے کا چمچ

لال مرچ۔ ایک چائے کا چمچ (کٹی ہوئی)

کھوپرا۔ دو کھانے کے چمچ (پسا ہوا)

چاٹ مصالحہ ایک چائے کا چمچ

تیل دو سے تین کھانے کے چمچ

ترکیب۔

چٹ پٹی چٹنی: گرائینڈر میں ہرا دھنیا، پودینہ، ہری مرچ، کیری، ادرک لہسن کا پیسٹ، زیرہ، نمک، لال مرچ، کھوپرا، چاٹ مصالحہ اور تیل ڈال کر اچھی طرح پیس لیں۔

چکن کو کیوبز میں کاٹ لیں۔

پھر اسے چٹنی لگا کر ایک طرف رکھ دیں۔

ایک پین میں دو سے تین کھانے کے چمچ تیل گرم کریں اورچکن کو تیز آنچ پر ڈھانپ کر پکنے دیں۔

کچھ دیر بعد آنچ ہلکی کر دیں۔

چاولوں کو آدھے گھنٹے کے لئے بھگوئیں۔

ایک پین میں آدھا کپ تیل گرم کرکے پیازبرائون کرلیں۔

ساتھ ہی گرم مصالحہ، زیرہ، ہری الائچی اور تیز پتہ شامل کرکے پکائیں یہاں تک کہ پیاز براؤن ہوجائے۔

پھر چاولوں کو حسب ضرورت پانی کے ساتھ شامل کرکے ڈھانپ کر پکنے دیں۔

اب اس میں ادرک لہسن کا پیسٹ، چکن کیوبز اور نمک ڈالیں۔

جب پانی خشک ہوجائے تو گرم توے پر دم کے لئے چھوڑ دیں۔

تیار ہونے پر چکن کے ساتھ رکھیں۔

فرنچ فرائز اور انڈوں سے گارنش کرکے سرو کریں۔

تازہ ترین