• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی، افغان کرکٹرز پر جرمانہ


انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے افغانستان کے دو کھلاڑیوں اصغر افغان اور راشد خان جبکہ پاکستان کے حسن علی پر میچ فیس کاپندرہ پندرہ فیصد جرمانہ عائد کیا ہے،کھلاڑیوں پریہ جرمانہ آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے درجے ایک کی خلاف ورزی پر عائد کیا گیا۔

ایشیا کپ کرکٹ ٹورنا منٹ میں گزشتہ روز پاکستان اور افغانستان کے مابین کھیلے گئے اعصاب شکن میچ میں دبائو دونوں ٹیموں پر تھا اور یہ دبائو اپنی انتہا پرتھا اورکہیں کہیں کشیدگی بڑھتے بڑھتے رہ گئی خاص طور پر افغانستان کے اسپنر راشد خان اور اصغر افغان کا رویہ پاکستانی کھلاڑیوں کے خلاف بہت جارحانہ تھا۔

راشد خان نے پاکستانی بیٹسمینوں کونہ صر ف انگلی سے پویلین لوٹ جانے کے اشارے کئے بلکہ جملے بھی کسے ،یہ ہی رویہ اصغر افغان کا بھی تھا تاہم آئی سی سی نے ان حرکتوں کا نوٹس لیا اور دونوں کھلاڑیوں پر میچ فیس کا15فیصد جرمانہ عائد کیا لیکن پاکستان کے حسن علی بھی اس جھپیٹے میں آگئے اوران پر بھی اتنی ہی مالیت کاجرمانہ عائد کر دیا گیا۔

میچ کا دبائو،تنائو اور قدرے کشیدگی ایک طرف لیکن شعیب ملک کی دلبرداشتہ افغان بولر آفتاب عالم جنہوں نے چھکا کھانے کے بعد وکٹ پر ہی رونا شرو ع کر دیا تھا،شعیب ملک نے انہیں تسلی دی اور اپنے اس عمل کے باعث دیکھنے والوں کے دل جیت لئے،شعیب ملک کا بعد ازاں کہناتھا کہ ہار اور جیت کھیل کا حصہ ہوتا ہے دلبرداشتہ نہیں ہونا چاہئے، افغانستان نے بہت محنت کی اور پاکستانی ٹیم کیلئے مشکلات پیدا کیں ۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ابو ظہبی میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے میچ میں پاکستان نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد افغانستان کو3وکٹوں سے شکست دی تھی۔

تازہ ترین