• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روس اور دہشتگردوں کے سائبرحملوں سے نمٹنے کیلئے جوائنٹ ٹاسک فورس قائم ہوگی

لندن ( نیوز ڈیسک ) روس اور دہشتگرد گروپوں کے خطرات کا جارحانہ جواب دینے کیلئے برطانیہ اپنا سائبر کرائم یونٹ قائم کرے گا، ایک روز قبل جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق 250 ملین پونڈز کے اخراجات سے وزارت دفاع اور جی سی ایچ کیو کے درمیان ایک جوائنٹ ٹاسک فورس قائم کی جائے گی۔ٹیلی گراف کے مطابق اس یونٹ میں ملٹری اور سیکورٹی سروس انڈسٹری سے 2000 بھرتیاں کی جائیں گی جس کے نتیجے میں جارحانہ سائبر کرائم کردار ادا کرنے والے افراد کی تعداد چار گنا ہو جائے گی۔دی ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق نئے بھرتی ہونے والے افراد سے یہ توقع کی گئی ہے کہ وہ مقامی کرائم گروپوں بشمول دشمن ممالک کی مانیٹرنگ اور ان کے خلاف کارروائی کریں گے۔جوائنٹ فورس کے قیام کا فیصلہ برطانیہ کی جانب سے روسی جارحیت کے خلاف جوابی کارروائی کا عزم ظاہر کرنے کے بعد کیا گیا ہے۔ برطانیہ پہلے ہی اس پر مارچ میں سالسبری میں سرگئی سکریپل اور اس کی بیٹی یولیا کو زہر دینے کا الزام عائد کر چکا ہے۔رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ وزیر دفاع گیون ولیمسن اس معاملہ کا جائزہ لئے جانے کاحکم دینے کے بعد جلد نئی فورس کے قیام کا اعلان کریں گے۔ یونٹ ممکنہ طور پر چیلٹن ہام میں جی سی ایچ کیو کی طرح ایک فوجی اڈے پر قائم کیا جائے گا۔

تازہ ترین