• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیدناامام حسین نے کربلا میں بتادیا وہ انسانیت میں تحفظ چاہتے ہیں، آیت اللہ حسن رضا غدیری

لندن(سعید نیازی) حضرت امام حسینؓ نے انسانیت کی بقا کے لئے میدان کربلا میں اپنی اور اپنے خاندان کے افراد کی جان قربان کردی، اس بات کا اظہار امامیہ مشن لندن کے زیر اہتمام عاشورہ کے جلوس کے موقع پر علمائے کرام نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ عاشورہ کے جلوس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی جن میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل تھی، علم اٹھا کر شرکاء نے جلوس کی شکل میں مقامی شاہراہ کا چکر بھی لگایا، راستے بھر نوجوان مرثیہ پڑھتے رہے۔ شرکا نے ماتم کیا جلوس مختلف شاہراہوں سے ہوتے ہوئے واپس امامیہ مشن آکر اختتام پذیر ہوا۔ مجلس عزا منعقد ہوئی، اس موقع پر آیت اللہ حسن رضا غدیری نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ نے ہر طرح کا ظلم برداشت کیا، اہل بیت کے خیموں کو جلادیا گیا اور معصوم بچوں کو بھی شہید کردیا گیا لیکن حضرت امام حسینؓ نے اپنے صبر اور مظلومیت سے دنیا کو بتادیا کہ وہ انسانیت کا تحفظ چاہتےہیں اور شہادت کا مقصد انسان کو حریت اور صداقت کے ساتھ زندگی بسر کرنے کا حق ہے۔ امامیہ مشن کے صدر عادل شاہ نے کہا کہ عاشورہ کے جلوس میں ہزاروں افراد شریک ہیں اور ان میں ہر فرقہ کے لوگ موجود ہیں یہاں شیعہ سنی کی کوئی تمیز نہیں۔ آج تمام کلمہ گو نواسہ رسولؐ کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے جمع ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ آج کا جلوس نئی جگہ سے نکالا گیا ہے اور اس میں شریک لوگوں کو اندازہ بھی ہوگیا ہے کہ نئی جگہ کسی قدر آرام دہ ہے۔ سید قمر رضا نے کہا کہ حضرت امام حسین اور ان کے رفقاء نے میدان کربلا میں جو قربانی دی آج پوری دنیا کے مسلمان انہیں خراج عقیدت پیش کررہے ہیں اور غمزدہ ہیں، جلوس میں شریک افراد کا کہنا تھا کہ دنیا کے تمام باضمیر لوگ اس دن کو منا کر حضرت امام حسین کی قربانی کا اعتراف کرتے ہیں  جنہوں نے ظالم کے آگے سر نہیں جھکایا اور ان کایہ درس قیامت تک مسلمانوں کی رہنمائی کرے گا۔ نواسہ رسولؐ نے اپنی گردن کٹوادی اور ثابت کردیا کہ ظالم خواہ کتنا ہی بااختیار کیوں نہ ہو وہ حق وسچ کے سامنے فتح یاب نہیں ہوسکتا۔ غم حسین منانے کے لئے شیعہ ہونا ضروری نہیں بلکہ اہل دل ہونا ضروری ہے اور واقعہ کربلا ہمیں انسانیت کا درس دیتا ہے جلوس کے شرکاء میں نیاز بھی پیش کی گئی ہے۔

تازہ ترین