• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حضرت حسینؓ نے جبری اطاعت کے بجائے شہادت کا راستہ اختیار کیا، سید رضا حیدر

برمنگھم (آصف محمود براہٹلوی/ ابرار مغل) حضرت حسینؓ نے ظلم و جبر کی اطاعت کے بجائے شہادت کا راستہ اختیار کیا اور اپنی لازوال قربانی سے عالم اسلام کو پیغام دیا کہ حق و باطل کے درمیان معرکے نے کربلا کے میدان میں اسلام کو تاقیامت سرخرو کردیا۔ واقعہ کربلا دراصل تاریخ انسانیت کا وہ بڑا سانحہ ہے جس نے تاریخ کے اوراق میں حق و صداقت کے ایک نہایت روشن باب کا اضافہ کرکے مظلوم انسانوں کو ظالمانہ نظام کے خاتمے اور ظلم و جبر کے خلاف باطل قوتوں کے سامنے ڈٹ جانے کا شعور دیا۔ ان خیالات کا مولانا سید رضا حیدر رضوی نے یوم عاشورہ کے جلوس کے موقع پر عزاداروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سابق لارڈ میئر برمنگھم کونسلر شفیق شاہ، زاہد ایڈووکیٹ، واجد برکی سمیت دیگر نے شرکت کی۔ نماز ظہرین کے بعد مرکزی امام بارگاہ سے شبیہ ذوالجناح اور تابوت کے ساتھ جلوس برآمد ہوا۔ جلوس کے راستے میں عزادران نوحہ خوانی کرتے رہے۔ رضاکاروں کی کثیر تعداد نے سیکورٹی کے فرائض سرانجام دیے۔ تیز ہوائوں، بارش کے باوجود کثیر تعداد نے شرکت کی۔ زنجیر زنی ایک بڑے ٹینٹ کے اندر ہوئی جہاں16سال سے کم عمر بچوں کا داخلہ ممنوعہ تھا۔ عزاداران عقیدت سے ذوالجناح کو چھوتے رہے۔ خواتین کی کثیر تعداد الگ خیمہ میں تھی، جلوس کے اختتام پر شام غریباں منعقد کی گئی۔
تازہ ترین