• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ظلم کیخلاف مظلوم کی حمایت پیغام حسینؓ ہے، سید احمد حسین ترمذی

ہیلی فیکس (زاہد انور مرزا) ظلم کے خلاف مظلوم کی حمایت پیغام حسینؓ ہے۔ واقعہ کربلا صبر و تحمل، رواداری اور احیاء کا درس دیتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار صدر مرکزی جماعت اہل سنت برطانیہ پروفیسر سید احمد حسین شاہ ترمذی نے شاہ ولایت فائونڈیشن برطانیہ کے زیراہتمام ہونے والی شہدائے کربلا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کربلا صبر و تحمل، رواداری،ایثار اور قربانی کا درس دیتا ہے اور نواسہ رسولؐ حضرت امام عالی مقام اور شہدا کربلا کی عظیم قربانیوں نے دین اسلام کے آفاقی اصولوں، صبر و برداشت اور قربانی کو قیامت تک کے لئے زندہ کردیا۔ کربلا کے میدان میں حق و باطل کا معرکہ مسلمانوں کو ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے۔ پروفیسر ترمذی نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ اور ان کے جانثار ساتھیوں نے لازوال قربانیاں دے کر حق کا پرچم ہمیشہ کے لیے بلند کردیا۔ امام عالی مقام اور ان کے جانثاروں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے باطل کے سامنے نہ جھکنے کا درس دیا ہے۔ نواسہ رسولؐ نے انسانیت کی عظمت اور اسلام کی سربلندی کے لیے لازوال قربانی دی اور نواسہ رسولؐ حضرت امام حسینؓ اور ان کے جانثار ساتھیوں نے اسلام کا درخشاں باب رقم کیا۔ شہدائے کربلا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بریڈ فورڈ سے آئے ہوئے معروف عالم دین مولانا عبداللہ حسن نقشبندی نے کہا کہ امام عالی مقام کی شہادت حرمت رسولؐ کے لئے ہی تھی۔ آپ ؓنے چند جانثاروں کے ساتھ جو قربانی دی وہ رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ امام علی مقام جبر کے خلاف صبر و استقلال، جرأت، بہادری کی عظیم مثال پیش کی ہے۔ واقعہ کربلا حق و باطل کا سب سے بڑا معرکہ تھا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ قاری سید زین العابدین نے کہا کہ میدان کربلا مسلمانوں کو یہ سبق دیتا ہے کہ ظلم کے آگے ڈٹ جانا قبول ہے مگر دین اسلام کا سودا نہیں کرنا۔ انہوں نے کہا کہ امام عالی مقام نے اپنی اور اپنے پورے خاندان کی قربانی دے کر دین اسلام کا پرچم ہمیشہ ہمیشہ کے لئے بلند کردیا۔ نوجوان سکائر حافظ سید محمد حیدر ترمذی نے انگلش میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل امام عالی مقام کی تعلیمات پر عمل کرکے دنیا اور آخرت میں کامیابی حاصل کرسکتی ہے۔ شہدائے کربلا سے خطاب کرتے ہوئے سید حسن محمود گجراتی نے کہا کہ ہمیں وقت کے یزیدوں کا بھی مقابلہ کرنا چاہیے۔ پیر سید حسنین شاہ نے کہا کہ نبی پاکؐ نے فرمایا تھا کہ حسینؓ مجھ سے ہے اور میں حسینؓ سے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ امام عالی مقام کا نام رہتی دنیا تک زندہ رہے گا اور یزید پر قیامت تک لعنت برستی رہے گی۔ تقریب میں مقامی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شہدائے کربلا کانفرنس کا آغاز مولانا ظفر اقبال نقشبندی نے تلاوت قرآن مجید سے کیا جبکہ سید حسنات حسین ترمذی، حاجی واجد حسین اور دیگر نے امام عالی مقام کی شان میں عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔ آخر میں پروفیسر سید احمد حسین ترمذی نے پوری امت مسلمہ بالخصوص کشمیر، فلسطین اور پاکستان کی خوشحالی اور ترقی کے لئے خصوصی دعا کی۔
تازہ ترین