• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روسی طیاروں کی خریداری، امریکا کی چین پرپابندیاں،نتائج کیلئے تیار رہیں، بیجنگ

بیجنگ (جنگ نیوز) چین نے امریکا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ روس سے جیٹ طیارے خریدنے کی پاداش میں چین پر لگائی جانے والی پابندیاں واپس لے یا پھر نتائج کے لیے تیار ہو جائے۔امریکا کا کہنا ہے کہ چین نے روس سے طیارے خرید کر روس پر عائد ان پابندیوں کی خلاف ورزی کی ہے جو اس پر امریکی انتخابات میں مداخلت اور یوکرین میں فوج کشی کے بعد لگائی گئی تھیں۔واشنگٹن نے روسی طیارے خریدنے والے فوجی یونٹ پر پابندیوں لگانے کا اعلان کیا۔ روس نے بھی چینی فوج پر عائد پابندیوں کی مخالفت کی ہے، اور امریکا کو خبردار کیا ہے کہ وہ آگ سے کھیل رہا ہے۔چین نے حال ہی میں روس سے دس سخوئی Su-35 جنگی طیارے اور ایس 400طیارہ شکن میزائل خریدے ہیں۔اس ماہ چینی فوج نے روس کے ساتھ مل کر بڑے پیمانے پر ہونے والی جنگی مشقوں میں بھی حصہ لیا تھا۔چین خود جدید ترین جنگی ساز و سامان بنا رہا ہے لیکن اس کے باوجود وہ روسی فضائی دفاعی نظام اور جنگی طیارے خریدنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔امریکا کا کہنا ہے کہ ان پابندیوں کا نشانہ روس ہے اور امریکا دوسرے ملکوں کی دفاعی صلاحیت کو کمزور کرنا نہیں چاہتا۔امریکا نے چین کے فوجی ساز و سامان کے ادارے ای ڈی ڈی اور اس کے سربراہ لی شانگفرو پر پابندیاں عائد کی ہیں اور ان کے امریکا میں اثاثے منجمد کر دیے ہیں۔اس کے علاوہ ای ڈی ڈی کا ایکسپورٹ لائسنس بھی معطل کر دیا گیا ہے۔

تازہ ترین