کراچی (اسٹاف رپورٹر )عبداللہ گوٹھ اور کورنگی میں 2 کمسن بچیوں کے اغوا کی کوشش ناکام ، 8 سالہ مہوش اور 10 سالہ دعا کو چیز دلانے کے بہانے لے جانے والے ملزمان رنگے ہاتھوں گرفتار، تفصیلات کے مطابق شاہ لطیف ٹاؤن کے علاقے عبداللہ گوٹھ میں بچی کو اغواءکرنے کی کوشش کو پولیس نے ناکام بنا کر اغوا کار خالد محمود کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے 8 سالہ مہوش دختر واجد علی کو بازیاب کروا لیا ، پولیس نے بتایاکہ ملزم خالد محمود عبدللہ گوٹھ کی کچی آبادی کی ایک گلی میں بچی کو اکیلا کھیلتے دیکھ کر چیز دلانے کے بہانے گود میں اٹھا کر اغواءکر کے لے جا رہا تھا کہ بچی کے شور شرابہ کرنے پر محلے کے چند افراد گھروں سے باہر نکل آئے اور ملزم کو پکڑ نے کی کوشش کی تاہم گشت پر مامور پولیس اہلکاروں نے ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے بچی کو بازیاب کروالیا ،پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم کے خلاف مقدمہ الزام نمبر 588/2018 درج کر لیا ہے، ڈی ایس پی علی حسن شیخ نے بتایاکہ گرفتار ملزم نے ابتدائی تفتیش میں پولیس کو بتایا کہ اس کا تعلق پنجاب کے علاقے رحیم یار خان سے ہے ، ایک سال قبل پنجاب سے اپنے فیملی کے ساتھ شاہ لطیف کے علاقے حسن پھنور گوٹھ میں کرائے کے مکان میں رہائش پزیر ہے ، ملزم نے پولیس کو اپنے بیان میں بتایا کہ میرے شادی کو کئی سال ہو چکے ہیں ، میرے دو بیٹے ہیں بیٹی نہ ہونے کی وجہ سے بچی کو اغواءکر رہا تھا کیونکہ میری بیوی کی خواہش تھی کہ ایک بیٹی بھی ہونا چاہئے، آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام شیخ اور کراچی پولیس چیف ڈاکٹر امیر احمد شیخ نے کامیاب کارروائی پر تھانہ شاہ لطیف ٹائون پولیس پارٹی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے شاباش دی ہے، علاوہ ازیں کورنگی کے علاقے کورنگی نمبر 2 سیکٹر 33 ایف میں گلی میں کھیلنے والی 10 سالہ بچی دعا کو رکشہ ڈرائیور چیز دلانے کے بہانے رکشہ میں بیٹھا کر لے کر جارہا تھا کہ بچی نے شور مچا دیا، بچی کی چیخ وپکار سن کر علاقہ مکین جمع ہوگئے اور رکشہ ڈرائیور کو پکڑنے کی کوشش کررہے تھے کہ گشت پر مامور پولیس موبائل نے موقع پر پہنچ کر اغواءکار نظیر احمد میرانی کو گرفتار کرتے ہوئے اسکے قبضے سے بچی کو بازیاب کروالیا ،پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ الزام نمبر 388/18 درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے ۔