کراچی (اسٹاف رپورٹر) کھارادر حسینیہ امام بارگاہ کے قریب تعزیہ میں لوبان جلانے کے دوران تعزیہ میں آگ بھڑک اٹھی جسکے نتیجے میں ایک بچی دم توڑ گئی، تفصیلات کے مطابق بغدادی تھانے کی حدود بانٹوا اسپتال کے قریب جلوس میں موجود تعزیہ میں لوبان جلانے کے دوران آگ کا الاؤ قریب رکھے جنریٹر کے لیئے رکھی گئی پٹرول کی بوتل پر گر گیا جس کے سبب اچانک آگ بھڑک اٹھی،الاؤ قریب موجود دو بچوں پر گر گیا اور آگ نے ایک بچی اور بچے کو لپیٹ میں لے لیا ،بچوں کو جلتے دیکھ کر بچوں کے نانا بھی بچوں کو بچانے کے پہنچے اور آگ بجھانے کے دوران جھلس کر زخمی ہوگئے ، بعد ازاں وہاں موجود شہریوں نے آگ پر قابو پایا اور جھلسے ہونے بچوں سمیت تین افراد کو سول اسپتال منتقل کیا جہاں دوران علاج 6 سالہ عائشہ دختر سمیر نے دم توڑ دیا ،جبکہ اسکا کزن 12سالہ بلاول ولد جہانگیر اور بچوں کے نانا 55 سالہ محمد رفیق زخمی ہوئے، متوفیہ کھارادر کی رہائشی تھی ، اسپتال میں ڈاکٹر نے بتایا کہ بچی 100فیصد جھلس گئی تھی،پولیس نے تعزیہ کمیٹی کے ایک ممبر عمیر کو حراست میں لے کر اسکے خلاف مقدمہ الزام نمبر 241/18 متوفیہ کے والد سمیر حبیب کی مدعیت میں درج کرلیا ہے ، پولیس واقعہ کی تمام پہلوؤں پر تفتیش کررہی ہے ۔