• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غیر ملکی تارکین وطن کو پاکستانی شہریت نہیں دینی چاہیئے،مراد علی شاہ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت چیزیں بیچنے سے اب اصل گورننس کی طرف آجائے، منی بجٹ دے کر ٹیکس بڑھا دئے گئے ہیں، پانی کا مسئلہ انتہائی سنگین ہے اور ڈیم بننے سے پہلے اس پر تجزیہ ہونا چاہیے کہ سسٹم میں پانی موجود ہے بھی یانہیں اگر سسٹم میں پانی موجود ہی نہیں تو ڈیم بنانے سے کیا فائدہ، وہ یومِ عاشورہ کے ماتمی جلوسوں کے انتظامات کا جائزہ لینے کے دوران میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے،انہوں نے کہا کہ غیر ملکی تارکین وطن کو پاکستانی شہریت نہیں دینی چاہیئے،انہوں نے مزید کہا کہ اس ماہ کے آخر میں سندھ کابینہ میں مزید وزراء شامل کیے جائیں گے،وزیراعلیٰ سندھ نے ایم اے جناح روڈ کے ماتمی جلوس میں شرکت کی اور اس دوران انہوں نے جلوس کے منتظمین سے ملاقاتیں بھی کیں،وزیراعلیٰ سندھ نے ایم اے جناح روڈ سے ایکسپریس مارکیٹ تک جلوس کی قیادت بھی کی،انہوں نے ایکسپریس مارکیٹ پر بوہری کمیونٹی کی قائم کی گئی ایمبولینس سروس کا بھی معائنہ کیا،انہوں نے بی آر ٹی گرین لائن پروجیکٹ کے کام کا بھی فضائی جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ اس کے کچھ حصوں پر کام کی رفتار تیز کرنی ہوگی۔ انہوں نے مختلف اسپورٹس گرائونڈ کا بھی فضائی معائنہ کیا اور کہا کہ جو اسپورٹس گرائونڈ خراب ہو گئے ہیں اُن کو ٹھیک کروائیں گے ۔انہوں نے نالوں کا فضائی معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ نالوں کی صفائی صحیح نہیں ہو رہی،اس کام کو بھی خاص توجہ دینی ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے سی پی او کے کمانڈ اینڈ کنٹرول کا دورہ بھی کیا جہاں آئی جی پولیس، ایڈیشنل آئی جیز اور کمشنر کراچی نے ان کا استقبال کیا اور انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا بعد ازاں ان کی صدارت سی پی او میں غیر رسمی طورپرامن و امان پر اجلاس ہواجس میں آئی جی، ایڈیشنل آئی جیز آفتاب پٹھان، ڈاکٹر ولی اللہ دھل، کمشنر کراچی صالح فاروقی شریک تھے۔وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ 10 محرم الحرام کواللہ کے کرم سے سکیوریٹی انتظامات اچھے رہے اوراس کا کریڈٹ پولیس ، رینجرز اور دیگر امن و امان قائم کرنے والے ایجنسیز کو جاتا ہے۔
تازہ ترین