• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشیا کپ: شعیب ملک نے پاکستان کو جتوادیا، افغانستان کو شکست

دبئی(عبدالماجدبھٹی،نمائندہ خصوصی)سپر اسٹار شعیب ملک کی ذمے دارانہ بیٹنگ نے شیخ زائد اسٹیڈیم ابوظہبی میں آفتاب کے آخری اوور میں چھکا اور چوکا مارکر ناممکن کو ممکن بنادیااور پاکستان نے سپر فور مرحلے میں افغانستان کو تین وکٹ کی ڈرامائی شکست دے دی۔پہلے امتحان سے سر خرو ہونے کے بعد پاکستانی ٹیم کی اگلی آزمائش روایتی حریف بھارت کے خلاف دوسرے میچ میں اتوار کو دبئی میں ہوگی۔پاکستان یہ میچ جیت کر گروپ میچ میں بھارت سے اپنی شکست کا بدلہ لے سکتا ہے۔تاہم پاکستان کی مڈل آرڈر بیٹنگ کو بہتر کارکردگی دکھانا ہوگی۔فخر زمان دو مسلسل میچوں میں صفر پر آوٹ ہونے کے بعد سخت دبائو میں ہے جبکہ افغانستان کے میچ میں پاکستان کی فیلڈنگ بھی انتہائی نا قص رہی اور پانچ کیچ ڈراپ ہونے سے بولروں کی محنت ضائع ہوگئی۔توقع ہے کہ پاکستانی ٹیم میں فٹس ٹیسٹ پاس کرنے کے بعد شاداب خان کی واپسی ہوگی۔تجربہ کار فاسٹ بولر محمد عامر ایک میچ میں آرام دینے کے بعد عثمان شنواری کی جگہ ٹیم میں آسکتے ہیں۔ہفتے کو پاکستانی ٹیم نے مکمل آرام کیا اور ٹریننگ سے گریز کیا۔پاکستان اور بھارت کا میچ کو جیتنے والی ٹیم فائنل میں اپنی جگہ تقریبا پکی کر لے گی۔پاکستانی کپتان سرفراز احمد کہتے ہیں کہ شعیب ملک نے اپنے سنیئر کھلاڑی ہونے کا حق ادا کرکے ذمے داریانہ اننگز کھیلی۔پاکستان اور بھارت کے میچ کے لئے ایک بار پھر جوش وخروش عروج پر ہے۔پاکستان اور بھارت کے درمیان پہلا میچ بدھ کو کھیلا گیا تھا جس میں بھارت نے آٹھ وکٹ سے کیامیابی حاصل کی تھی۔ بھارت نے ایشیا کپ کے دوسرے مرحلے میں بنگلہ دیش کو بآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے کر مسلسل تیسری فتح سمیٹ کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔ایشیا کپ سپر فور مرحلے میں اتوار کو بنگلہ دیش اور افغانستان کا میچ ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔پاکستانی ٹیم کو افغانستان کے میچ میں پاکستان کو تین گیندیں پہلے اعصاب شکن مقابلے کے بعد فتح ملی۔میچ میں سنسنی خیزی اپنے عروج پر تھی آخری اوور میں پاکستان کو فتح کے لیے دس رنز درکار تھے جو اس نے محض تین گیندوں پر حاصل کر لیے۔ شعیب ملک نے آخری اوور میں ایک چھکا اور ایک چوکا لگا پر پاکستان کو فتح سے ہمکنار کر وا دیا۔تجربہ کار شعیب ملک کے ساتھ ،حارث سہیل، سرفراز احمد،آصف علی ،محمد نواز آوٹ ہوگئے لیکن وہ اعتماد سے کھیل رہے تھے۔شعیب ملک 51 اور حسن علی چھ رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔شعیب ملک کی میچ وننگ اننگز 43اوورز پر مشتمل تھی ان کی اننگز میںایک چھکا اور تین چوکے شامل تھے۔افغانستان کی جانب سے دیے گئے 258 رنز کے ہدف کے جواب میں جب پاکستان کے اوپنرز میدان میں اترے تو پہلے ہی اوور میں فخر زمان ایک بار پھر صفر رنز پر آؤٹ ہو کر پویلین واپس لوٹ گئے۔پہلا اوور کرانے والے ا سپنر مجیب الرحمان نے ان کو ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ اس سے پہلے کھیلے گئے تمام 19میچوں میں فخر زمان آج تک صفر پر آؤٹ نہیں ہوئے تھے لیکن ایشیا کپ میں مسلسل دوسری بار انھیں اس ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا ہے۔صفر کے اسکور پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد امام الحق اور بابر اعظم کے درمیان 154 رنز کی پارٹنرشپ قائم ہوئی جس کے بعد امام الحق 80 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔ بابر اعظم بھی 66 کے انفرادی اسکور پر راشد خان کی گیند پر ا سٹمپڈ آؤٹ ہوئے۔امام اور بابر کی دوسرے وکٹ کی پارٹنرشپ میں154رنز بنے۔ سرفراز احمد ایک بار پھر ناکام رہے اور صرف آٹھ رنز بنا سکے، ۔اس سے قبل افغانستان نے چھ وکٹوں پر 257 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔افغانستان کی اننگزر کی خاص بات حشمت اللہ کی بیٹنگ تھی جنھوں نے ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے 97 رنز بنائے۔ ان کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے کپتان اصغر افغان نے 67 رنز بنائے۔ ان دونوں نے 94 رنز کی شراکت قائم کی۔ شاہین آفریدی نے نمایاں بولنگ کی اور دس اوورز میں 38 رنز کے عوض دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔ ان کی بدقسمتی رہی کہ ان کی گیند پر تین مواقعوں پر کیچ چھوڑے گئے۔ اسپنر محمد نواز شاداب خان کی جگہ ٹیم میں آئے اور انھوں نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

تازہ ترین