• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشیا کپ ،آج پاکستان روایتی حریف بھارت کو ہرانے کے لئے پرعزم

دبئی(نمائندہ خصوصی)ایشیا کپ ٹورنامنٹ میں اگر پاکستان بھارت کو شکست دے دے تو اپنا حساب برابر کر نے کے ساتھ فائنل کھیلنے کی راہ بھی ہموار کرسکتا ہے۔پاکستان اور بھارت کے درمیان گروپ میچ کے یکطرفہ ہونے کے بعد پاکستانی شائقین کو زبردست مایوسی کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم انہیں اب بھی امید ہے کہ اتوار کے روز پاکستانی ٹیم اسی انداز میں حساب بے باک کرسکتی ہے جیسا کہ اس نے گزشتہ سال چیمپئنز ٹرافی میں کیا تھا۔ایشیا کپ میں دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے گروپ میچ میں اسٹیڈیم شائقین سے بھرا ہوا تھا جن میں بھارتی شائقین زیادہ تھے اور اتوار کو بھی فل ہاؤس کی توقع کی جارہی ہے۔یاد رہے کہ چیمپینز ٹرافی کے گروپ میچ میں بھارت نے پاکستان کو 124 رنز سے شکست دی تھی اس میچ میں پاکستانی ٹیم صرف 164 رنز بناسکی تھی لیکن پھرفائنل میں پاکستان نے بھارت کوصرف158 رنز پر آؤٹ کرکے 180 رنز سے حساب چکا دیا تھا۔پاکستان نے پہلا میچ ہانگ کانگ کے خلاف بآسانی آٹھ وکٹوں سے جیتا تھا لیکن پہلے بھارت اورپھرافغانستان کے خلاف اس کی بیٹنگ مشکلات میں گھری نظر آئی ہے۔ ان دونوں میچوں میں اوپنر فخرزمان صفر پر آؤٹ ہوئے ہیں جو پاکستان کے نقطہ نظر سے مایوس کن پہلو ہے۔واضع رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں فخرزمان نے سنچری ا سکور کی تھی۔ اس فائنل کے ایک اور اہم کھلاڑی فاسٹ بولر محمد عامر تھے لیکن ایشیا کپ کے دو میچوں میں وکٹیں نہ لینے کے بعد وہ ٹیم میں جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب نہ ہوسکے اور افغانستان کے خلاف انہیں ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔عامر اتوار کے میچ میں حصہ لیں گے۔ایشیا کپ کے پہلے میچ میں بھارتی ٹیم کو ہانگ کانگ کے خلاف غیرمتوقع طور پر سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم اس کے بعد سے اس کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے۔شیکھر دھون کی سنچری اور کپتان روہیت شرما اچھی فارم میں ہیں جبکہ بولنگ میں جسپرت ُبمراہ ۔ بھوو نیشور کمار اور رویندر جدیجا کی کارکردگی نمایاں رہی ہے۔

تازہ ترین